Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کے فلاحی و ترقیاتی کاموں کی مودی نے ستائش کی

حکومت کے فلاحی و ترقیاتی کاموں کی مودی نے ستائش کی

امیت شاہ حقائق سے ناواقف ، ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی نے بی جے پی صدر امیت شاہ کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت پر کی گئی تنقیدوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ پارٹی کے رکن قانون ساز کونسل بھانو پرساد اور رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ناواقف امیت شاہ ریاستی قائدین لکشمن اور کشن ریڈی کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کی بنیاد پر نکتہ چینی کر رہے ہیں جو ہرگز مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کی وزیراعظم نریندر مودی نے ستائش کی لیکن افسوس کہ پارٹی صدر امیت شاہ حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ اس طرح بی جے پی کا دہرا معیار بے نقاب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کو حکومت پر تنقید سے قبل وزیراعظم سے معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں کہیں بھی اس قدر ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری نہیں کی جاتی جتنی تلنگانہ میں کی جارہی ہے ۔ انتخابی منشور میں شامل تقریباً وعدوں کی تکمیل کی گئی۔ انہوں نے امیت شاہ سے سوال کیا کہ آیا بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں انتخابی منشور پر عمل کیا گیا ؟ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدگی کے باعث میدک اور ورنگل لوک سبھا اور نارائن کھیڑ اور پالیرو اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں اپوزیشن امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ سکی۔ میدک میں بی جے پی کو امیدوار بھی دستیاب نہیں ہوا اور اس نے کانگریس سے تعلق رکھنے والے قائد کو امیدوار بنایا تھا ۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت نے کئی منفرد اسکیمات شروع کئے ہیں ۔ گزشتہ 3 برسوں سے تلنگانہ میں برقی کٹوتی نہیں ہے اور زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے نئی ریاست تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ برقرار رکھا ہے ، ہائی کورٹ کی تقسیم ابھی تک عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ کسانوں کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا جبکہ ریاستی حکومت زائد رقم ادا کرتے ہوئے کسانوں کا تحفظ کر رہی ہے ۔ رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی نے امیت شاہ کے دعوؤں کو محض دکھاوا قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار کا خواب امیت شاہ کیلئے کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے دورے سے بی جے پی کو تلنگانہ میں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ حکومت پر ناکامی کا الزام مضحکہ خیز ہے ۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کے کئی پراجکٹس کو منظوری دینے سے قاصر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT