Thursday , August 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / حکومت کے گمراہ کن فیصلوں سے ریاست کو نقصان

حکومت کے گمراہ کن فیصلوں سے ریاست کو نقصان

کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ، ناگم جناردھن ریڈی کی پریس کانفرنس

ناگرکرنول۔/21اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ بچاؤ مہم کے قائد و سابق رکن اسمبلی ناگر کرنول ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے گمراہ کن فیصلوں کے سبب ریاست کو کافی نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ حلقہ کے منڈل بچنا پلی مستقر میں اخباری نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دو سال سے خشک سالی کے بادل منڈلا رہے ہیں اور فصلوں کے نقصان کے سبب کسان خودکشی کررہے ہیں۔ لیکن حکومت کسانوں کے قرضوں کی معافی کے معاملے میں غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پندرہ دنوں سے ہونے والی چھوٹی موٹی فصلیں برقی کٹوتی کے سبب تباہ ہوگئی ہیں۔ حکومت کی لاپرواہی کے سبب ہونے والی کسانوں کی خودکشیوں کو خاندانی تنازعات قرار دینے کو انہوں نے انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں ذخیرہ آب خشک ہوجانے سے پینے کے پانی سے محرومی کا خدشہ ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے لاپرواہی برتی جارہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ضلع محبوب نگر کے 59 منڈلوں کو قحط زدہ منڈل جات قرار دینے، نقصان کا شکار کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے، کسانوں کو ایک ہی وقت میں قرضوں کو معاف کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ پروگرام میں بی جے پی کے قائدین ارتھم روی، کاشنا، شفیع، ویرا ریڈی و دیگر موجود تھے۔

بودھن میں سرقہ کا واقعہ
بوھن۔/21اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گزشتہ رات بلدی حلقہ نمبر 12بودھن میں شیخ وحید نامی این آر آئی کے مکان میں سرقہ کا واقعہ پیش آیا۔ مالک مکان اپنے اہل خانہ کے ساتھ نظام آباد کے ایک خانگی دواخانہ میں میڈیکل چیک اپ کیلئے گئے ہوئے تھے، رات دیر ہونے کی وجہ سے وہ وہیں نظام آباد میں موجود اپنی بیٹی داماد کے مکان میں قیام کرکے دوسرے دن صبح گھر پہونچنے تک نامعلوم سارقوں نے دیوار پھاند کر گھر میں داخ ہوکر صحن میں موجود لوہے کی سلاخ کی مدد سے کمرے کے قفل اور آہنی الماری کا لاکر توڑ کر الماری میں موجود نقد 67ہزار روپئے اور آدھا تولہ وزنی طلائی انگوٹھی لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT