Thursday , August 17 2017
Home / انتقال نام / حیدرآبادی خاتون حاجی کا مکہ مکرمہ میں انتقال

حیدرآبادی خاتون حاجی کا مکہ مکرمہ میں انتقال

حیدرآباد ۔ 19۔اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک خاتون حاجی کا مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا اور آج صبح تدفین عمل میں آئی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایس بی ایچ کالونی آصف نگر کی ساکن 61 سالہ حرمت النساء زوجہ محمد غوث جن کا کور نمبر ٹی ایس آر ۔ 4970-2 ہے، 23 اگست کو حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ 11 اکتوبر کو آخری فلائیٹ سے ان کی واپسی مقرر تھی۔ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حرمت النساء کی طبیعت خراب ہوگئی اور انہیں مکہ مکرمہ کے کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا تھا ۔ ان کے شوہر محمد غوث بھی ان کے ساتھ رک گئے۔ یہ لوگ مدینہ منورہ نہیں جاسکے۔ طبیعت مزید بگڑ گئی اور کل شام انتقال ہوگیا۔ انڈین حج مشن کی جانب سے آج بعد نماز فجر نماز جنازہ اور تدفین عمل میں آئی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حرمت النساء کے شوہر محمد غوث سے ربط قائم کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کونسل جنرل جدہ اور انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے حاجی محمد غوث کی جلد واپسی کا انتظام کرنے کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں ریگولر فلائیٹ سے اندرون دو یوم حیدرآباد بھیج دیا جائے گا ۔ جاریہ سال حج سیزن میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے جملہ 4 حجاج کرام کا انتقال ہوا۔ جن میں تین کا تعلق تلنگانہ اور ایک کا آندھراپردیش سے ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی نے آندھراپردیش کے دو خادم الحجاج کے خلاف آندھراپردیش حج کمیٹی سے تحریری طور پر شکایت کی ہے۔ دونوں خادم الحجاج کے خلاف کئی شکایات موصول ہوئیں اور حجاج کی خدمت نہ کرنے اور عدم رہنمائی کا تحریری طور پر ثبوت حاصل ہونے کے بعد اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی تحریری شکایت کی ہے ۔ کڑپہ سے تعلق رکھنے والے شیخ قادر ولی باشا اور ریاض نسیم خادم الحجاج کی حیثیت سے روانہ ہوئے تھے۔ یہ دونوں اسکول ٹیچر بتائے جاتے ہیں۔ آندھراپردیش حج کمیٹی سے خواہش کی گئی ہے کہ ان دونوں خادم الحجاج کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان سے اخراجات کی رقم ریکور کی جائے ۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس 24 اکتوبر کو منعقد ہوگا، جس میں حج 2016 ء کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حج 2017 ء کے ایکشن پلان کو قطعیت دی جائے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور اس اجلاس کی صدارت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT