Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط مکہ معظمہ میں عازمین حج کو قیام کی سہولت

حیدرآبادی رباط مکہ معظمہ میں عازمین حج کو قیام کی سہولت

تلنگانہ حج کمیٹی سے 19 جولائی کو قرعہ اندازی، ناظر رباط حسین شریف کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد۔/14جولائی، ( سیاست نیوز) مکہ معظمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے 19 جولائی کو قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا ہے جس میں سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی ہوگی۔ جاریہ سال ناظر رباط حسین محمد الشریف کو سعودی عرب حکومت کی جانب سے 678 عازمین حج کو رباط میں قیام کی اجازت سے متعلق تصریح حاصل ہوئی ہے۔ قرعہ اندازی میں شرکت کیلئے ناظر رباط حسین شریف حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے جاریہ سال زائد عمارتوں کے حصول کے ذریعہ عازمین حج کو فراہم کی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال 600 عازمین کیلئے رہائش اور مفت طعام کا انتظام کیا گیا تھا اور جاریہ سال 800 عازمین کا نشانہ مقرر کیا گیا تاہم عمارتوں کے حصول میں دشواری کے سبب 678 عازمین کے قیام کی اجازت حاصل ہوئی ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے عازمین حج کیلئے ناظر رباط کی خدمات کی ستائش کی اور ہر سال رباط میں قیام کی تعداد میں اضافہ کی مساعی کا مشورہ دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو فائدہ پہنچے۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قرعہ اندازی 19 جولائی کو 4 بجے دن چو محلہ پیالیس خلوت میں ہوگی اور اس سلسلہ میں نظام اوقاف کمیٹی سے بھی بات چیت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطاء الرحمن کو بھی قرعہ اندازی کی تفصیلات سے واقف کیا گیا ہے اور سنٹرل حج کمیٹی قرعہ اندازی کیلئے لنک فراہم کرے گی۔ سابق ریاست حیدرآباد کے 21 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین میں سے قرعہ اندازی کی جائے گی اور ہر ضلع میں مسلم آبادی کی بنیاد پر کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں عزیزیہ زمرہ کیلئے 1271 درخواستیں داخل کی گئیں اور یہاں کیلئے 124 کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے۔ کھمم ضلع کے عازمین کو زیادہ فائدہ ہورہا ہے جہاں عزیزیہ زمرہ کیلئے صرف 12 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں رباط کیلئے 11 افراد کا کوٹہ مقرر کیا گیا۔ تلنگانہ کے 10اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے 7 اضلاع اورنگ آباد، بیڑھ، لاتور، عثمان آباد، جالنہ، پربھنی اور ناندیڑ کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ کرناٹک کے 4 اضلاع بیدر، گلبرگہ، رائچور اور یادگیر سے بھی عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی تفصیلات تلنگانہ حج کمیٹی کو حاصل ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ میں عزیزیہ زمرہ کیلئے مجموعی طور پر 1924 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ مہاراشٹرا کے 7 اضلاع میں 1685 اور کرناٹک کے چار اضلاع سے 383 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے مزید کوٹہ میں اضافہ کا امکان ہے۔ ایرانی عازمین کے کوٹہ کو سعودی حکومت نے دیگر ممالک میں تقسیم کردیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ  ہندوستان کو تقریباً  20 ہزار کا زائد کوٹہ حاصل ہوگا جس میں سے 17ہزار سنٹرل حج کمیٹی کے حصہ میں آئیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی اسے تمام ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے تقسیم کرے گی۔ توقع ہے کہ تلنگانہ میں مزید 600 عازمین کا اضافہ ہوسکتا ہے اور ایر انڈیا کی فلائیٹس میں بھی اضافہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT