Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادی رباط میں قیام کے لیے ویٹنگ لسٹ کے 100 عازمین منتخب

حیدرآبادی رباط میں قیام کے لیے ویٹنگ لسٹ کے 100 عازمین منتخب

حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لینے 20 جولائی کو 24 محکموں کے عہدیداروں کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے مکہ معظمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں ویٹنگ لسٹ سے 100 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے ۔اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج 45 کور نمبرس پر مشتمل 100 عازمین حج کی فہرست جاری کردی جو حیدرآبادی رباط میں قیام کرپائیں گے۔ واضح رہے کہ اوقاف کمیٹی نظام کو نظام خاندان کے ارکان کیلئے 10 فیصد نشستیں الاٹ کی گئی تھیں۔ منشائے وقف کے مطابق یہ نشستیں الاٹ کی گئیں۔ اوقاف کمیٹی کو نظام خاندان سے موصولہ درخواست کے مطابق صرف 23 نشستیں پر ہوسکیں۔ باقی 105 نشستوں کو اوقاف کمیٹی نے حج کمیٹی کو واپس کردیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے محرم زمرہ کیلئے پانچ نشستیں مختص کرنے کے بعد باقی 100 نشستوں کو ویٹنگ لسٹ کے مطابق الاٹ کردیا ہے۔ تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے عازمین حج جو ویٹنگ لسٹ میں شامل تھے، انہیں یہ نشستیں الاٹ کی گئیں۔ واضح رہے کہ رباط کیلئے قرعہ اندازی کے وقت 100 کور نمبرس کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا تھا تاکہ بچ جانے والی نشستوں کو پر کیا جاسکے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تین خادم الحجاج کیلئے نشستیں بعد میں الاٹ کی جائیں گی۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین حج کو اوقاف کمیٹی کی جانب سے پرمٹ لیٹرس 20 جولائی کے بعد جاری کئے جائیں گے۔ حج کمیٹی نے اوقاف کمیٹی سے خواہش کی ہے کہ وہ پرمٹ لیٹرس کی اجرائی کیلئے کنگ کوٹھی میں اپنا عارضی دفتر قائم کرے تاکہ عازمین حج کو سہولت ہو۔ اسی دوران حج کیمپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں 24 محکمہ جات کے عہدیداروں کا اجلاس 20 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ حج ہاؤز میں یہ اجلاس منعقد ہوگا جو حج کیمپ کی تیاریوں کا نقطہ عروج تصور کیا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس اجلاس میں محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری سید عمر جلیل کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے 24 محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ حج ہاؤز کے احاطہ میں عازمین حج کے لئے قیام کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اجلاس منعقد کیا۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عازمین حج کیلئے درکار جگہ کا انتظام کریں اور تمام کمروں کی صفائی اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کیلئے درکار کمرے فوری طور پر حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کے دوران عازمین حج کیلئے طعام کے انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ، جن کی کشادگی 18 جولائی کو عمل میں آئے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT