Tuesday , July 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد ، سکندرآباد اور گولکنڈہ میں بونال جلوس کی زور دار تیاریاں

حیدرآباد ، سکندرآباد اور گولکنڈہ میں بونال جلوس کی زور دار تیاریاں

جی ایچ ایم سی کا انتظامات پر جائزہ ، امن و ضبط کی برقراری کیلئے سی سی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد۔7جولائی (سیاست نیوز) شہر میں بونال تہوار اور جلوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور تشکیل تلنگانہ کے بعداس تہوار کو حاصل ہونے والی اہمیت کے سبب مختلف محکمہ جات بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و آبرسانی کی جانب سے بونال تہوار کی تیاریاں کی جانے لگی ہیں۔ دونوں شہروں کے حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ گولکنڈہ کے بونال جلوس کیلئے تیاریوں کا عمل جاری ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ ان تمام علاقوں میں بہتر انتظامات کو ممکن بنائیں جہاں سے بونال کے مرکزی جلوس نکالے جاتے ہیں۔ مہانکالی مندر لال دروازہ سے 17 جولائی کو نکالے جانے والے بونال جلوس کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اطراف کی تمام منادر کے قریب روشنیوں کے انتظام اور ڈرین لائن کی صفائی کی ہدایات جاری کی ہیں اور کہا کہ ان علاقو ںمیں نہ صرف انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ علاوہ ازیں محکمہ پولیس کی جانب سے ان علاقوں میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کے عمل کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ بونال تہوار کے دوران کسی قسم کے کوئی مسائل پیدا نہ ہوں اسی لئے قبل از وقت تمام امور کو قطعیت دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں 2179چھوٹے اور بڑے منادر ہیں جہاں سے بونال جلوس نکالا جاتا ہے۔ ان تمام علاقوں اور منادر کے قریب صاف صفائی اور روشنی کے انتظامات کی ہدایت جاری کی گئی ہیں اور عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہرو ںمیں بونال تہوارکیلئے 10کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔دونوں شہروں میں بونال تہوار کے دوران بلدی برقی و آبرسانی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے جی ایچ ایم سی نے کو آرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی محکمہ کی جانب سے کوئی کوتاہی نہ ہو اور تمام محکمہ جات کے عہدیدار رابطہ میں رہتے ہوئے عوام کی سہولت اور تہوار کو بہتر بنانے کیلئے سرگرم رہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے انتظامات کو بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت دی ہے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد شہر میں بونال کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

 

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT