Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / حیدرآباد آج پنجاب کیخلاف ہیٹ ٹرک کیلئے کوشاں

حیدرآباد آج پنجاب کیخلاف ہیٹ ٹرک کیلئے کوشاں

حیدرآباد ۔ 22 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) متواتر دو مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ سن رائیزرس حیدرآباد نے کامیابی کی سمت واپسی کی ہے اور کل یہاں حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں میزبان ٹیم فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ ٹورنمنٹ کے آغاز پر ابتدائی دو مقابلوں میں ناکامیابی کے بعد حیدرآباد نے فوری طورپر اپنے مسائل پر قابو پانے کی کامیاب کوشش کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کی ناقابل تسخیر گجرات لائینس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں 10 وکٹ کی شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اس سے قبل دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کے خلاف 7 وکٹوں کی کامیابی درج کی ہے۔ ٹیم کے اہم کھلاڑی یوراج سنگھ ، آشیش نہرا اور کین ولیمسن کے زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے باوجود حیدرآباد نے گزشتہ دو مقابلوں میں خود کو دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کیا ہے ۔

حیدرآباد کی فتوحات میں کپتان اور آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کا کلیدی کردار ہے جیسا کہ انھوں نے گجرات کے خلاف گزشتہ رات 48 گیندوں میں ناقابل تسخیر 74 اور ممبئی کے خلاف غیرمفتوح 90 رنز اسکور کئے ۔ حیدرآباد کیلئے راحت کی بات یہ بھی ہے کہ گزشتہ مقابلے میں ٹیم کے دوسرے اوپنر شکھر دھون جو ابتدائی تین مقابلوں میں ناکام ہورہے تھے انھوں نے ناقابل تسخیر 53 رنز اسکور کئے ہیں۔ حیدرآباد کو موسیس ہنریک ، ایان مورگن اور وکٹ کیپر بیٹسمین نمن اوجھا کی خدمات بھی دستیاب ہیں جو ٹیم کی کامیابی میں اپنا اہم رول ادا کررہے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار کے ہمراہ مستفیض الرحمن ٹیم کی طاقت بن رہے ہیں اور برندر سرن ، دیپک ہوڈ اور وپول شرما کے مظاہرہ بھی اطمینان بخش ہے ۔ دوسری جانب کنگس الیون پنجاب کو چار مقابلوں میں صرف دو نشانات حاصل ہوئے ہیں اور وہ ٹیموں کے جدول میں سب سے آخری مقام پر موجود ہے۔ پنجاب کی ٹیم کو کپتان ڈیوڈ ملر کے علاوہ گلین میکسویل جیسے جارحانہ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے لیکن ٹیم ٹورنمنٹ میں تاحال کوئی قابل ستائش مظاہرے کرنے میں کامیاب نہیں ہوپائی ہے۔ بولنگ شعبہ میں موہت شرما ، سندیپ شرما اور اکشر پٹیل جیسے نام ہونے کے باوجود بہتر مظاہرے دیکھنے میں نہیں آئے ۔

TOPPOPULARRECENT