Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد ملک میں پانچواں ترقی یافتہ شہر ، آئندہ سرفہرست رہے گا

حیدرآباد ملک میں پانچواں ترقی یافتہ شہر ، آئندہ سرفہرست رہے گا

سویڈن کے فرنیچر شوروم کا سنگ بنیاد ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بین الاقوامی سطح پر بہترین و معیاری فرنیچر و گھریلو آرائشی اشیاء تیار کرنے میں شہرت کی حامل ’ ایکیا ‘ (IKEA) کمپنی کے ملک بھر میں اپنی نوعیت کے منفرد حیدرآباد میں پہلے ’ ایکیا اسٹور ‘ کا قیام عمل میں لانے کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج یہاں ہائی ٹیک سٹی کے قریب سنگ بنیاد رکھا ۔ قبل ازیں اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب سنگ بنیاد سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے ایکیا کمیٹی کے پہلے اسٹور کا حیدرآباد میں قائم کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو حکومت کی جانب سے مبارکباد دی اور کہا کہ ملک میں پہلا ایکیا اسٹور حیدرآباد میں قائم کرنا نہ صرف تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے لیے ہی ایک نیا سنگ میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اپنے قیام کے دو سال کے دوران ہی ملک گیر سطح پر تیز رفتاری کے ساتھ ترقی حاصل کرنے والی ریاست میں شامل ہوچکا ہے ۔ جناب محمود علی نے مزید کہا کہ فی الوقت ترقی کے معاملہ میں شہر حیدرآباد کو ملک بھر میں پانچواں مقام حاصل ہے لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں کیے جانے والے اقدامات سے آئندہ دس سال میں ہی شہر حیدرآباد کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہوجائے گا ۔ انہوں نے سویڈن کی اس کمپنی ایکیا کے انتظامیہ کو اس بات کا واضح تیقن دیا کہ حکومت تلنگانہ کا بھر پور تعاون رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جاری تیز رفتار ترقی کو دیکھتے ہوئے بیرونی ممالک کی کمپنیوں کے انتظامیوں نے اپنے کاروبار کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لیے تلنگانہ بشمول حیدرآباد کے اطراف و اکناف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایکیا انڈیا مسٹر جووینیو مائیزتو نے خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے ایکیا کمپنی کی کارکردگی اور اس کے معیاری فرنیچر ودیگر آرائشی اشیاء کی تیاری پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اور ہندوستان میں اپنا پہلا اسٹور قائم کرنے کے لیے ایکیا کمپنی انتظامیہ نے شہر حیدرآباد کا انتخاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال میں ایکیا اسٹور کے شہر حیدرآباد میں قیام کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس تقریب سے جوسہ کرے (Josa Karre) قونصلر سویڈن ایمبسی متعینہ برائے ہند نئی دہلی اور مسٹر وینکٹ نرسمہا ریڈی نے بھی مخاطب کیا اور اپنی نیک توقعات کا اظہار کرتے ہوئے ایکیا انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایکیا انڈیا مسٹر Juvencio Maeztu نے بتایا کہ حیدرآباد میں قائم کئے جانے والے پہلے ایکیا اسٹور پر جملہ 700 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس اسٹور کے لیے 500 افراد کو راست روزگار اور 1500 افراد کو بالواسطہ طور پر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مجوزہ نئے ایکیا اسٹور کا آئندہ سال ماہ ستمبر یا اکٹوبر میں افتتاح کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ اس ایکیا اسٹور میں عوام کے لیے معیاری فرنیچر اور گھریلو فرنشنگ اشیاء انتہائی واجبی داموں پر فراہم کی جائیںگی اور زائد 7500 اقسام کے اشیاء اس اسٹور میں دستیاب رہیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ دو ہزار گاڑیوں کی پارکنگ سہولت مہیا رہے گی ۔ اس موقع پر مسٹر پیٹرک اور مینویدتیا عہدیداران ایکیا انڈیا بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT