Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو کئی چیلنجس درپیش

حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو کئی چیلنجس درپیش

حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری پی ڈبلیو ڈی مسٹر سریگو سریواستو کی زیر قیادت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ دہلی کے سینئیر عہدیداروں کی ایک ٹیم نے آج حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی سے میٹرو ریل بھون پر ملاقات کی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ٹیم نے شہری علاقوں میں میگا پراجکٹس کی تکمیل میں درپیش مختلف چیلنجس سے نمٹنے کی ترکیب اور طریقوں سے واقف کروایا ہے ۔ دہلی سے آئی ماہرین کی ٹیم نے ریل پراجکٹ کو درپیش چیلنجس کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر این وی ایس ریڈی نے ٹیم کو بتایا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کے لیے مختلف رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے ۔ ان چیلنجس میں مذہبی اور حساس عمارتوں کے مسائل سے نمٹنا تھا اس کے علاوہ خانگی جائیدادوں کا حصول بھی ایک مشکل مرحلہ تھا ۔ بعض موقع پر مفاد پرست عناصر کے احتجاج سے کاموں میں رکاوٹ کھڑی ہوئی ہیں ۔ میٹرو لائن بچھانے کے لیے سربراہی آب کی لائن سیوریج لائن اور برقی لائنوں کی منتقلی کے مشکل مراحل سے گذرنا پڑا ہے ۔ شہر میں جاری کاموں سے روزمرہ کی زندگی درہم برہم ہورہی ہے اور ہائی کورٹ میں اس پراجکٹ کے خلاف داخل کردہ 200 کے منجملہ 190 کیسوں میں ایچ ایم آر ایل نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ میٹرو ریل صرف ایک سادہ سا پراجکٹ نہیں ہے بلکہ یہ شہر کی ترقی کے لیے اہم ذریعہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT