Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں آئندہ ماہ گلوبل میڈیکل ٹورازم میٹ

حیدرآباد میں آئندہ ماہ گلوبل میڈیکل ٹورازم میٹ

50 سے زائد ممالک کے ماہرین کی شرکت ، ہندوستانی صنعتکاروں کے لیے کارآمد
حیدرآباد۔26اگسٹ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں میڈیکل ٹورازم کے عالمی اجلاس کا انعقاد عمل میں آئے گا اور اس اجلاس میں دنیا بھر کے 50سے زائد ممالک کے نمائندے اور میڈیکل ٹورازم کے ماہرین شرکت کریں گے۔ شہر کے نواحی علاقہ میں3اور4ستمبر کو منعقد ہونے جارہی اس ’’ گلوبل میڈیکل ٹورازم میٹ‘‘ کو حکومت تلنگانہ کے محکمہ ٹورازم و کلچر کا تعاون حاصل ہے۔ حکومت کی جانب سے ریاست کو ملک کے میڈیکل ٹورازم مرکز کے طور پر فروغ دینے کی کوششوں میں اس میٹ کے انعقاد کو کافی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے۔ انڈیا انٹرنیشنل میڈیکل ٹورازم کونسل کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اس تیسرے اجلاس کے حیدرآباد میں انعقاد سے اس بات کی توقع کی جانے لگی ہے کہ ریاست میں میڈیکل ٹورازم صنعت کو ترقی حاصل کرنے مدد ملے گی۔ ماہرین کے بموجب میڈیکل ٹورازم صنعت کے درخشاں مستقبل سے سب واقف ہیں لیکن عالمی سطح پر اس کے فروغ کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس میں مزید مہارت حاصل کرتے ہوئے عالمی پیمانوں کو ملحوظ رکھنے کے علاوہ شہر و ریاست کو اس صنعت کے فروغ کے قابل بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر این ایچ گارگ کے بموجب میڈیکل ٹورازم صنعت میں کافی مواقع دستیاب ہیں جن سے ہندستانی صنعتکار جو اس صنعت سے وابستہ ہیں زبردست فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں مشرقی وسطی ‘ افریقی ممالک کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کریں گے اور ان نمائندوں کو ملک میں میڈیکل ٹورازم صنعت میں سرمایا کاری اور اس کے استحکام کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس دو روزہ اجلاس میں حکومت ہند کے چیمبر آف کامرس کے علاوہ سرکردہ صنعتکار بالخصوص شعبۂ طب سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود رہنے کا امکان ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں شعبۂ طب کے استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں فارما سٹی کے قیام کے علاوہ دیگر اعلانات شامل ہیں جس کے سبب قومی سطح پر اس شعبہ سے وابستہ افراد کی نظریں ریاست تلنگانہ کی جانب مرکوز دیکھی جا رہی ہیں۔ اسی طرح عالمی سطح پر موجود میڈیکل ٹورازم صنعت سے وابستہ صنعتکاروں کی توجہ بھی اس دو روزہ اجلاس پر جمی ہوئی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے میڈیکل ٹورازم کے فروغ کیلئے منصوبہ کا اعلان کیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT