Tuesday , April 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلہ کی قرعہ اندازی

حیدرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلہ کی قرعہ اندازی

23 اپریل ، اتوار کو مقرر ، سکریٹری ریزیڈنشیل سوسائٹی بی شفیع اللہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/20 اپریل ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکولوں میں داخلے کیلئے اتوار 23 اپریل کو 9 مراکز پر قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ حیدرآباد ضلع میں 21 گرلز اور 18بوائز اقامتی اسکولوں میں داخلوں کیلئے شیڈول آج جاری کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اقامتی اسکولس میں داخلوں کے سلسلہ میں اقلیتوں میں کافی حوصلہ افزاء ردعمل دیکھا گیا ہے۔ اسکولوں میں موجود نشستوں سے کہیں زیادہ تعداد میں درخواستیں داخل کی گئیں جس کے باعث طلبہ کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ 71 اقامتی اسکولوں کے علاوہ حکومت نے تعلیمی سال 2017-18 سے مزید 121 اقامتی اسکولوں کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے موجود 12 اقامتی اسکولس اور 2 جونیر کالجس کو بھی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت کیا گیا۔ اس طرح سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروں کی جملہ تعداد 204 ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داخلوں کے سلسلہ میں ریاست بھر میں چلائی گئی مہم کا حوصلہ افزاء ردعمل رہا اور 31000 نشستوں کیلئے 86000 درخواستیں داخل کی گئیں۔ حیدرآباد ضلع میں 8ہزار نشستوں کیلئے 9ہزار سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہادر پورہ میں موجودہ گرلز اور بوائز کے علاوہ 2 نئے گرلز اور بوائز اسکولوں میں داخلے کیلئے بن طریف فنکشن ہال روبرو فلک نما بس ڈپو میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔ چندرائن گٹہ میں 2 نئے گرلز اور ایک بوائز اسکول میں داخلوں کیلئے اقلیتی اقامتی اسکول چندرائن گٹہ بنڈلہ گوڑہ میں قرعہ اندازی ہوگی۔ چارمینار میں بوائز 2 اور گرلز 2 اسکولوں کیلئے اردو مسکن خلوت، سعیدآباد میں ایک گرلز اور 2 بوائز اسکولوں کیلئے دلکشا فنکشن ہال نیو ملک پیٹ، آصف نگر میں 4 گرلز اور 4 بوائز اسکولوں کیلئے دکن میریج ہال مراد نگر، گولکنڈہ میں گرلز 3 اور بوائز 2 اسکولوں کیلئے ایس ایس فنکشن پیالیس ٹولی چوکی، مشیرآباد کے 2 گرلز اور ایک بوائز اسکولوں کیلئے عائشہ فنکشن ہال زمستان پور، سکندرآباد کنٹونمنٹ کے 3 گرلز اور 2بوائز اسکولوں کیلئے گن بازار فنکشن ہال رسول پورہ اور یاقوت پورہ کے 2 بوائز اور 2 گرلز اسکولوں کیلئے اکبر فنکشن ہال مغلپورہ میں قرعہ اندازی کا مرکز قائم کیا گیا ہے۔ بی شفیع اللہ نے طلبہ کے سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اس نادر موقع سے استفادہ کیلئے دستیاب رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے اسکولوں کی عمارتوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے ٹنڈر کا مرحلہ مکمل ہوچکا اور سپلائیرس میٹریل کی سربراہی کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے سوا دیگر اضلاع میں داخلوں کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے باقی رہنے والی نشستوں کیلئے 24 اپریل کو اضلاع میں قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں اسٹاف کے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے نیا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تمام تر بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT