Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں حج ہاوز کی تعمیر چندرا بابو نائیڈو کا کارنامہ

حیدرآباد میں حج ہاوز کی تعمیر چندرا بابو نائیڈو کا کارنامہ

حیدرآباد تا جدہ راست فلائٹ کی سہولت ، تلگو دیشم کی افطار پارٹی سے ایل رمنا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( سیاست نیوز): متحدہ آندھرا پردیش بشمول موجودہ ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کو حیدرآباد تا جدہ راست فلائیٹ ( طیاروں کی پرواز ) کی سہولت فراہم کرنے اور شہر حیدرآباد میں ریاستی حج ہاوز کی تعمیر عمل میں لانے کا سہرا صرف اور صرف تلگو دیشم پارٹی ( بالخصوص چندرا بابو نائیڈو کے ) سر جاتا ہے ۔ آج یہاں باغ عامہ ، نامپلی کے روبرو واقع ریڈ روز فنکشن ہال میں تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ افطار پارٹی میں شریک تلگو دیشم پارٹی کے اقلیتی قائدین و کارکنوں اور دیگر غیر اقلیتی افراد سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی آر چندر شیکھر ریڈی پولیٹ بیورو رکن تلگو دیشم پارٹی و سابق ایم پی اروند کمار گوڑ قومی ترجمان تلگو دیشم پارٹی مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ شہر حیدرآباد جو کہ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ رہا ہے اس گنگا جمنی تہذیب کو نہ صرف فروغ دینے بلکہ شہر حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے پیش آنے والے فرقہ وارانہ نوعیت کے واقعات کا تدارک کرنے کے لیے بھی تلگو دیشم پارٹی ( سابق تلگودیشم حکومت ) نے ہی موثر و مثبت اقدامات کئے جس کی وجہ سے آج ہر کوئی نہ صرف ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش بلکہ شہر حیدرآباد میں اتحاد و آپسی بھائی چارگی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں ۔ ان قائدین نے تمام مسلم روزہ داروں کو ماہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے لیے پر خلوص مبارکباد پیش کی ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل مسٹر محمد تاج الدین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے جب کہ مسٹر علی مسقطی انچارج اولڈ سٹی تلگو دیشم پارٹی و آرگنائزنگ سکریٹری تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کی راست نگرانی میں افطار پارٹی کے انتظامات کئے گئے ۔ افطار پارٹی میں مسرس امرناتھ بابو جنرل سکریٹری اے ریونت ریڈی کارگزار صدر ، مظفر علی خاں ، ساجد خاں ، علی الگتمی ، عمر خاں ، شفیق شرفن ، ظہیر الدین ثمر ، محمد سراج الدین ، صدر نشین سینٹ جوزف گروپ آف کالجس ، محمد قطب الدین منیجر سعودی ایرلائنس ، ایم این سرینواس ، صدر گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی سارنگا پانی سکریٹری گریٹر حیدرآباد سید بشیر ، محمد عتیق ، زبیر عمودی مختار حسین اقلیتی قائدین تلگو دیشم پارٹی کے علاوہ دیگر افراد بھی کثیر تعداد میں شریک تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT