Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں سمندری جہاز کی سیاحت : اجمیرا چندو لال

حیدرآباد میں سمندری جہاز کی سیاحت : اجمیرا چندو لال

حکومت تلنگانہ کا فروغ سیاحت میں اہم سنگ میل : وزیر سیاحت
حیدرآباد ۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سیاحوں کو راغب کروانے کیلئے حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق آئندہ ماہ 15 اپریل کو حیدرآباد میں سمندری جہاز کی سیاحت کا آغاز ہوگا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر حیدرآباد کے سیاحتی فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں یہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ حکومت نے محکمہ سیاحت و دیگر خانگی کمپنیوں سے اشتراک کے ذریعہ حیدرآباد کی فضائی سیاحت کیلئے ہیلی کاپٹر کا آغاز کیا ہے اور اب سمندری جہاز کی سیاحت شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے ورنگل میں کاکتیہ فیسٹیول حیدرآباد میں گولکنڈہ فیسٹیول منعقد کرنے کے علاوہ ویملواڑہ کریم نگر میں چالوکیہ فیسٹیول شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ سالانہ تقریبات کے طور پر منعقد ہوں گے ۔ ریاستی وزیرسیاحت اجمیرا چندو لال نے بتایا کہ 15 اپریل کو سی پلین ٹورازم کا آغاز کیا جائے گا۔ شہر میں فضائی سیاحت کی کامیابی کے بعد محکمہ کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہیکہ سمندری جہاز یعنی ایسی بسیں جو بطور کشتی بھی استعمال کی جاسکتی ہیں اور پانی پر چلتی ہیں وہ شروع کی جائیں گی جوکہ شہر کی سڑکوں اور پانی پر نظر آنے لگیں گی۔ مسٹر اجمیر چندو لال کے بموجب حکومت تلنگانہ کی جانب سے نہ صرف سیاحتی فروغ کیلئے فضائی سیاحت، سمندری جہاز یا تہواروں کا انعقاد نہیں کیا جارہا ہے بلکہ ریاست تلنگانہ میں موسیقی و رقص کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہیکہ 24 مارچ سے قبل رویندرا بھارتی کی تزئین نو کے کام مکمل کرلئے جائیں تاکہ ریاست میں سیاحتی فروغ کے علاوہ تہذیبی و ثقافتی پروگرامس کے انعقاد میں ہونے والی دشواریوں کو فوری دور کیا جاسکے۔ حکومت نے جڑچرلہ اور سدی پیٹ میں مڈوے ٹورازم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جوکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے چلائے جانے والے گیسٹ ہاؤز کے طرز پر ہوں گے جہاں سیاحوں کو بنیادوں سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ریسٹورنٹ، گیسٹ ہاؤز وغیرہ کی سہولت میسر ہوں گی۔ مسٹر اجمیر چندو لال کے بموجب ریاست میں خاتون سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت بالخصوص محکمہ سیاحت کی جانب سے شی کیاب خدمات کے آغاز کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT