Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں سڑکوں کی مرمت کا آغاز

حیدرآباد میں سڑکوں کی مرمت کا آغاز

مجوزہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر بلدیہ کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی سڑکوں کی مرمت کے لیے بلدیہ کی جانب سے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ آئندہ دو ماہ کے دوران کسی بھی وقت جی ایچ ایم سی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں اسی لیے حکومت کی جانب سے شہر کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ شہر کی سڑکوں کی ابتر حالت کی متعدد شکایات کے بعد بلدیہ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ شہر کے 5 مختلف زونس میں جملہ 1931 کیلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر نو و مرمت کی جائے گی اور یہ کام دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا ۔ چند ماہ قبل بلدی عہدیداروں نے شہر کے تمام 24 ڈیویژنس میں سڑکوں کی حالت کے متعلق رپورٹ تیار کرنے اور صدر دفتر کو روانہ کرنے کی ہدایت دی تھی ان ہدایات کے وصول ہونے کے بعد بلدیہ کے شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے جملہ 912 سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کام کی تکمیل کے لیے 337 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ساوتھ زون میں 93 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ 24 کروڑ 18 لاکھ کے صرفہ سے انجام دئیے جائیں گے ۔ اور جملہ 116.3 کیلو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام انجام دیا جائے گا ۔ ایسٹ زون میں 169.81 کیلو میٹر پر مشتمل 139 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے لیے 44 کروڑ 21 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ سنٹرل زون میں 98 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر 10 کروڑ 45 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ ویسٹ زون میں 153 کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے 67 کروڑ 12لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جب کہ نارتھ زون میں 107 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جس کے تحت جملہ 166.50 کیلو میٹر طویل سڑک کی مرمت کی جائے گی اور اس کے لیے 46 کروڑ 75 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ایم آر ڈی ڈیویژن میں 322 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کے لیے 144 کروڑ 26 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ فی الحال بلدیہ کی جانب سے 911 کیلو میٹر طویل مختلف سڑکوں پر مرمتی کاموں کا پہلے مرحلہ میں آغاز کیا جائے گا اور پہلے مرحلہ کے 441 کاموں کے لیے ٹنڈر طلب کئے جاچکے ہیں اور اس مرحلہ میں 147 کروڑ 40 لاکھ کے تعمیری و مرمتی کام انجام دئیے جائیں گے ۔ جب کہ دوسرے مرحلہ میں 460 سڑکوں کے تعمیری و مرمتی کاموں کا آغاز ہوگا اور 586.20 کیلو میٹر سڑکوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ جس پر 189 کروڑ 59 لاکھ خرچ کئے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ کے کاموں کے آغاز کے ساتھ ہی دوسرے مرحلہ کے لیے ٹنڈر طلب کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT