Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں عالمی یوم میمن ، خون کا عطیہ کیمپ

حیدرآباد میں عالمی یوم میمن ، خون کا عطیہ کیمپ

سینکڑوں میمن نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا ، جناب شبیر بھوجانی کا بیان
حیدرآباد۔11اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد ہلائی میمن جماعت نے آج عالمی یوم میمن کا انعقاد عمل میں لایا اور بہادر پورہ نزد عیدگاہ میر عالم خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرتے ہوئے تھلیسمیا متاثرین کیلئے خون کا عطیہ دیا۔ جناب شبیر بھوجانی صدر حیدرآباد ہلائی میمن جماعت کی زیر نگرانی منعقدہ اس خون کے عطیہ کیمپ کے دوران میمن سماج سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوانوں نے عالمی یوم میمن کے موقع پر خون کا عطیہ دیا ۔ جناب محمد جنید زونل سیکریٹری ہلائی میمن جماعت‘ جناب محمد امین‘ جناب محمد فیضل بکالی ‘ جناب مرزا علیم بیگ نے خون کا عطیہ کیمپ کے انعقاد کے انتظامات میں حصہ لیا ۔ جناب شبیر بھوجانی نے بتایا کہ عالمی یوم میمن کے انعقاد کا مقصد میمن برادری جو کہ عام طور پر تجارتی برادری تصور کی جاتی ہے اس کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے سماجی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے نئی نسل میں جذبۂ خدمت خلق میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد ہلائی میمن جماعت کے انتخابات کے بعد جماعت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ جماعت کے استحکام کے ساتھ فلاحی و سماجی خدمات میں اضافہ کی منصوبہ بندی کی جا رہی اور اسی منصوبہ کے تحت پہلی مرتبہ میمن جماعت کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا کیونکہ تھلیسمیا متاثرین کے متعلق یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ موسم گرما کی شدت کے سبب خون کے عطیہ کی وصولی میں کافی کمی واقع ہوتی ہے اسی لئے ان مریضوں کو شدت کے ساتھ خون کی ضرورت ہوا کرتی ہے لیکن شدید گرمی کے سبب عطیہ دہندگان میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ جناب شبیر بھوجانی نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعہ یہ پیغام عام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان ضرورتمندوں کی ضرورت کی تکمیل ممکن بنائی جائے کیونکہ ان کی ضرورت صرف خون کے عطیہ کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نومنتخبہ ہلائی میمن جماعت کی کارکردگی میں بہتری لانے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور اس منصوبہ کے تحت برادری کے مسائل کے حل بالخصوص تجارتی مسائل‘ صحت سے متعلق مسائل اور تعلیمی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد جنید نے اس خون کا عطیہ کیمپ میں حصہ لینے والے نوجوانو ںسے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میمن برادری میں سماجی خدمات کو فروغ دینے میں ہمیشہ نوجوانوں کو کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے آگے آنا چاہئے تاکہ فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری رہے اور اس سلسلہ کو فروغ حاصل ہو۔اس موقع پر دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT