Monday , July 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں ہر جمعہ ’ ڈرائی ڈے ‘

حیدرآباد میں ہر جمعہ ’ ڈرائی ڈے ‘

مچھروں کی افزائش کو روکنے جی ایچ ایم سی کی خصوصی مہم ، عہدیداروں کو خصوصی ہدایت
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) شہر میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جائے گی اور اس مہم کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ہر جمعہ کو ’ڈرائی ڈے ‘ مناتے ہوئے شہر میں کسی بھی جگہ کیچڑ یا پانی جمع ہونے نہیں دیا جائے گا۔کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے شعبہ انٹومولوجی کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ وہ شہر سے مچھروں کے خاتمہ پر توجہ دیں کیونکہ مچھروں کی افزائش کے سبب شہر میں ملیریا کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے شعبہ انٹومولوجی کے عہدیداروں و ملازمین کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام بھی بلدیہ کی جانب سے جاری اس مہم کا حصہ بن سکیں۔ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے مختلف مقامات بالخصوص جن مقامات پر مچھروں کی افزائش کے خدشات ہیں انہیں پاک و صاف کرنے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں ہر جمعہ کو ڈرائی ڈے پر مؤثر عمل آوری کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں سالانہ 700کروڑ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی کے مطابق شہر میں روزانہ 2370انٹومولوجی کارکن ایک لاکھ مکانات تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اس مہم کے دوران مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو ممکن بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود مچھروں کی افزائش کے اہم مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں پاک کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس کے علاوہ عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے تھیٹرس میں فلم سے پہلے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے عوام کیا کر سکتے ہیں وہ دکھایا جائے گا۔اسی طرح اربن ملیریا اسکیم کے تحت اسٹیکر‘ پوسٹر‘ اشتہارات کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام خود اس مہم میں شامل ہو سکیں۔اس سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مہم میں شامل ہوتے ہوئے شہر کو مچھروں سے پاک بنانے میں تعاون کریں اور اپنی تجاویز سے اعلی عہدیداروں کو واقف کرواتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنائیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT