Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں2 اسکائی وے کی تعمیراور سڑکوں کی توسیع کا منصوبہ

حیدرآباد میں2 اسکائی وے کی تعمیراور سڑکوں کی توسیع کا منصوبہ

کنٹونمنٹ اراضی کے حصول کیلئے وزیر دفاع منوہر پاریکر سے نمائندگی، کے ٹی آر کی ملاقات
حیدرآباد۔/9نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے دہلی میں مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر سے ملاقات کرتے ہوئے شہر حیدرآباد میں 2اسکائی وے کی تعمیر اور سڑکوں کی توسیع کیلئے کنٹونمنٹ کی 100ایکر اراضی تلنگانہ حکومت کے حوالے کرنے کی یادداشت پیش کی۔ کنٹونمنٹ کو متبادل اراضی فراہم کرنے پر یادداشت پر سنجیدگی سے غور کرنے کا منوہر پاریکر نے کے ٹی آر کو تیقن دیا۔ آج وزارت دفاع کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے مرکزی وزیر منوہر پاریکر سے ملاقات کی۔ ریاست کی ترقی کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے ترقیاتی و تعمیری کاموں سے انہیں واقف کراتے ہوئے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں حکومت دو اسکائی وی تعمیر کرنے اور ساتھ ہی کنٹونمنٹ علاقہ میں سڑکوں کی توسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اس کے لئے وزارت دفاع سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پیراڈائیز سرکل سے نظام آباد براہ عادل آباد سے ناگپور پہونچنے والی قومی شاہراہ اور جوبلی بس اسٹانڈ سے شاہ میر پیٹ براہ راما گنڈم جانے والی راجیو راہداری کے راستوں پر 2 اسکائی وے تعمیر کرنے کی حکومت نے تجویز تیار کرتے ہوئے کاموں کا آغاز کیا ہے۔ پیراڈائیز سرکل سے ناگپور جانے والی سڑک پر 3.8 کیلو میٹر اور راجیو راہداری سڑک پر 10 کیلو میٹر تک اسکائی وے کی تعمیرات اور کنٹونمنٹ علاقے میں 100 فیٹ سڑکوں کی توسیع کیلئے کنٹونمنٹ کی 100ایکراراضی حکومت تلنگانہ کے حوالے کرنے کی اپیل کی۔ تلنگانہ حکومت متبادل کے طور پر 100ایکر اراضی حیدرآباد رنگ روڈ کے باہر یا کسی دوسرے موزوں مقام پر کنٹونمنٹ کو فراہم کرے گی۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے مشاورت کے بعد  اندرون ایک ہفتہ قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ علاقہ میں بند کی گئی سڑکوں کے تعلق سے بھی کے ٹی آر نے مرکزی وزیر سے تبادلہ خیال کیا جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ ترقی میں قومی شاہرائیں اہم رول ادا کرتی ہیں محکمہ دفاع کنٹونمنٹ میں جن اراضیات سے محروم ہورہا ہے اتنی ہی اراضی تلنگانہ حکومت متبادل اراضی فراہم کرتی ہے تو اس پر محکمہ دفاع سنجیدگی سے غور کرے گی۔ تلنگانہ کے اعلیٰ سطحی وفد میں میئر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ایم جی گوپال، جی ایچ ایم سی کمشنر جناردھن ریڈی، پرنسپل سکریٹری محکمہ عمارات و شوارع سشیل شرما کلکٹر ضلع رنگاریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT