Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد و رنگاریڈی کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ

حیدرآباد و رنگاریڈی کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی افتتاح کرینگے ۔ پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے لیے پیر 27 جولائی سے تین روزہ ٹیکہ اندازی کیمپ کا حج ہاوز نامپلی میں آغاز ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اس کیمپ کا 27 جولائی کو 11 بجے دن حج ہاوز میں افتتاح انجام دیں گے ۔ عازمین حج کو حج گائیڈز بھی سربراہ کئے جائیں گے ۔ متعلقہ رکن اسمبلی ، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیلی ، ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر ، ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن ڈاکٹر کے امریندر ریڈی مہمانان اعزازی ہوں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ ٹیکہ اندازی کیمپ کے لیے شہر کے علاوہ دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں وسیع پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس مرتبہ تمام عازمین حج کو تین قسم کی ٹیکہ اندازی ہوگی ۔ ایک گردن توڑ بخار ، دوسرے موسمی انفلوئنزا کی ٹیکہ اندازی اور تیسرے اورل پولیو ڈراپس ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن اور پرنسس اسریٰ ہاسپٹل کی میڈیکل ٹیمیں تعینات رہیں گی ۔ گردن توڑ بخار اور موسمی انفلوئنزا کے ٹیکے چینائی سے حیدرآباد پہنچ چکے ہیں ۔ یہ ٹیکے کافی قیمتی ہوتے ہیں اور عازمین حج کے لیے لازمی ہیں ۔ جو اسٹیٹ حج کمیٹی کے منتخب عازمین کو مفت لگائے جاتے ہیں ۔ عازمین حج کی سہولت کے لیے ٹیکہ اندازی کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے اور عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ پرسکون انداز میں ٹیکے لینے کے لیے حج کمیٹی کے اسٹاف اور والینٹرز سے تعاون کریں ۔ ٹیکہ اندازی کا پروگرام حسب ذیل ہے : پیر 27 جولائی کور نمبر ایک تا 1500 ۔ منگل 28 جولائی کور نمبر 1501 تا 3500 ۔ چہارشنبہ 29 جولائی کور نمبر 3501 تا 7000 ۔ تفصیلات کے لیے دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی حیدرآباد فون نمبر 040-23298793 پر ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT