Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد و سکندرآباد میں غیر معلنہ برقی کٹوتی

حیدرآباد و سکندرآباد میں غیر معلنہ برقی کٹوتی

عہدیداران جواب دینے سے قاصر ، سینکڑوں شکایتیں
حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ایک مرتبہ پھر غیر معلنہ برقی کٹوتی کا آغاز ہو گیا لیکن اس مسئلہ پر کوئی عہدیدار مناسب جواب دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں سے روزانہ موصول ہورہی سینکڑوں شکایات سے اس بات کا پتہ چل رہا ہے کہ مختلف علاقوں میں روزانہ 3تا4گھنٹے برقی کٹوتی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ قومی سطح پر شروع کردہ ٹول فری شکایت کے نمبر 1912پر جو شکایات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق شام کے اوقات میں برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں وولٹیج کے مسائل بھی  پیدا ہونے لگے ہیں اس کے باوجود محکمہ کے عملہ کی جانب سے ان مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 1912پر شکایات کرنے والوں کو مناسب جواب بھی نہیں دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے برقی صارفین میں مایوسی پائی جاتی ہے۔حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اعلانات کے باوجود ایسا ممکن نہ ہونے سے نہ صرف حکومت کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو کئی تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں ٹولی چوکی‘ مہدی پٹنم‘ بنجارہ ہلز‘ خیریت آباد‘ سوماجی گوڑہ ‘ امیرپیٹ‘ پنجہ گٹہ کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں سلطان شاہی‘ شاہ علی بنڈہ ‘ شاہ گنج‘ حسینی علم‘ یاقوت پورہ‘ املی بن‘ چنچلگوڑہ‘ ملک پیٹ‘ اکبر باغ ‘ سعید آباد‘ سنتوش نگر‘ نشیمن نگر ‘ تالاب کٹہ کے علاقوں میں بھی روزانہ غیر معلنہ برقی کٹوتی کے سبب عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے اس بات کی توثیق کی کہ دن کے اوقات میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی قبل از وقت اطلاع فراہم کر دی جاتی ہے کیونکہ دن میں جو برقی سربراہی منقطع کی جاتی ہے اس کا مقصد مرمتی کاموں کو یقینی بنانے کے علاوہ درستگی کے کاموں کو قبل از وقت مکمل کیا جا سکے لیکن شام کے اوقات میں برقی کٹوتی پر کوئی بھی عہدیدار جواب دینے سے قاصر ہے۔ محکمہ برقی کی جانب سے مرمت و درستگی کے کاموں کیلئے برقی منقطع کئے جانے کے بعد بھی بے وقت برقی منقطع ہونے کی شکایات کرنے والے عوام محکمہ برقی و حکومت سے استفسار کر رہے ہیں کہ جب مرمت و درستگی کے کام قبل ازوقت کئے جا رہے ہیں تو پھر کس خرابی کے سبب شام کے اوقات میں یا روزانہ برقی سربراہی منقطع ہو رہی ہے؟ عیدالفطر کے لئے شہر پہنچنے والے غیر مقیم ہندستانی شہری بھی اپنے مختصر دورۂ شہر کے دوران برقی سربراہی میں کٹوتی پر حیرت کا اظہار کر تے رہے کہ آخر یہ صورتحال کیوں پیدا ہو رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT