Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد و سکندرآباد میں ہیلمیٹ کا لزوم ، موٹر سائیکل رانوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

حیدرآباد و سکندرآباد میں ہیلمیٹ کا لزوم ، موٹر سائیکل رانوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

پہلی غلطی پر 100 روپئے چالان ، متعدد غلطیوں پر لائسنس کی منسوخی ، مہم میں شدت پیدا کرنے محکمہ ٹرانسپورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد۔28 ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں ہیلمٹ کا لزوم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خصوصی مہم چلاتے ہوئے ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے موٹر سائیکل رانوں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ 129 کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ گزشتہ 2 یوم سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عملے کی جانب سے موٹر سائیکل رانوں کو روکتے ہوئے ان کی کونسلنگ کی جارہی اور بعض موٹر سائیکل سواروں کو چالان کئے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی اے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلی مرتبہ صرف 100 روپئے چالان کرتے ہوئے موٹر سائیکل رانوں کو چھوڑ دیا جائیگا جبکہ متعدد مرتبہ بغیر ہیلمٹ کے سفر کرنے والے کے لائسنس منسوخ کئے جاسکتے ہیں۔ جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر حیدرآباد مسٹر ٹی رگھوناتھ کے بموجب گزشتہ یوم شہر میں خیریت آباد پر چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران 101 مقدمات درج کئے گئے جنہیں 100 روپئے چالان کرتے ہوئے چھوڑ دیا گیا اور اس بات کا انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر دوبارہ وہ بغیر ہیلمٹ کے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جاتے ہوں تو ان کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ آر ٹی اے کی جانب سے چلائی جارہی اس خصوصی مہم کا مقصد شہریوں میں حفاظتی امور کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ حادثات کا شکار ہونے کی صورت میں بھی شہریوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔ گزشتہ دو یوم سے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خیریت آباد، پنجہ گٹہ کے علاوہ سوماجی گوڑہ وغیرہ پر ہیلمٹ کے لئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے اور اس بات کا اشارہ دیا جارہا ہے کہ ریاست میں ہیلمٹ کا لزوم عائد ہوچکا ہے۔ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں پر چالانات کیا جانا اور متعدد مرتبہ خاطی قرار پانے کی صورت میں لائسنس کی تنسیخ کا انتباہ دیئے جانے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ موٹر سائیکل رانوں کے لئے ہیلمٹ کا لزوم عائد کیا جاچکا ہے۔ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مہم شروع نہیں کی گئی ہے لیکن اگر حکومت کے واضح احکامات وصول ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں محکمہ پولیس بھی ہیلمٹ کے لزوم کو عائد کرنے کے لئے خصوصی مہم چلائے گی۔ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے اعلی عہدیداروں کے بموجب محکمہ کی جانب سے عموماً ہر تین ماہ میں خصوصی مہم چلائی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ اس مہم میں شدت پیدا کی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں اس مہم کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT