Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن تنازعات کا شکار

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن تنازعات کا شکار

آئندہ دنوں مزید شدت کا امکان ، ارشد ایوب کا راستہ روک دیا گیا
حیدرآباد۔28 ڈسمبر (سیاست نیوز) دہلی میں جاری ڈی ڈی سی اے تنازعہ کے دوران شہر حیدرآباد میں بھی حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن میں تنازعات منظر عام پر آچکے ہیں۔ ایچ سی اے میں جاری الزام و جوابی الزامات کا سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ چوں کہ گزشتہ یوم ہوئی ایچ سی اے کے ہنگامی عاملہ کے اجلاس کے دوران معطل کردہ اراکین عاملہ کی جانب سے صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن ارشد ایوب کا راستہ روکتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ واضح رہے کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن نے تین اراکین چٹی سریدھر، بابو رائو ساگر اور آر ایم بھاسکر کو معطل کردیا تھا۔ اتوار کے دن حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں معطل کردہ اراکین کو داخل ہونے سے روک دیا جس پر معطل شدہ اراکین نے صدر ایچ سی اے کی گاڑی کو روکتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب معطل شدہ اراکین حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی آڈٹ کا مطالبہ کررہے ہیں اور اس مسئلہ کو اسوسی ایشن کے باہر اٹھاتے ہوئے ہنگامہ برپا کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ اسوسی ایشن کا ادعا ہے کہ اسوسی ایشن قوانین کے مطابق کام کررہی ہے۔ صدر اسوسی ایشن جناب ارشد ایوب کا کہنا ہے کہ معطل شدہ ارکان کی معطلی اسوسی ایشن کے قواعد کے مطابق کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT