Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / حیدرآباد کیلئے آج گجرات کے خلاف آخری موقع

حیدرآباد کیلئے آج گجرات کے خلاف آخری موقع

کانپور۔12 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل کے رواں ایڈیشن میں اپنی توقعات کو اب تک قائم رکھنے والی دفاعی چمپئن سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم کل یہاں آخری لیگ میچ میں گجرات لائنز کے خلاف اپنے انتہائی اہم مقابلہ کھیلنے اترے گی جہاں کامیابی اسے پلے آف کا ٹکٹ دلا سکتی ہے اور شکست باہر کا راستہ بھی دکھا سکتی ہے ۔ڈیوڈ وارنر کی کپتانی میں پچھلے سیزن کا خطاب جیتنے والی حیدرآباد نے اس مرتبہ نشیب وفراز کے باوجود ٹورنمنٹ میں یہاں تک کا راستہ طے کیا ہے اور وہ فی الحال13 میچوں میں15 نشانات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ اگرچہ حیدرآباد کی فی الحال راست مسابقت پنجاب سے نظر آرہی ہے جو اتنے ہی میچوں میں 14 نشانات لے کر پانچویں نمبر پر ہے اور اس کی آخری امید فتح اور باقی ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہے ۔لیکن حیدرآباد کو اپنے آخری لیگ میچ میں گجرات کے خلاف جیت کے ساتھ پلے آف میں جگہ یقینی کرنے کا موقع ملے گا جو پہلے ہی ٹورنمنٹ میں دوسرے مرحلے میں رسائی کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے ۔ سریش رائنا کی ٹیم گجرات نے اگرچہ اب تک کافی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ حیدرآباد کی امیدوں کو بگاڑ سکتی ہے کیونکہ یہ اس کا بھی آخری لیگ میچ ہے اور وہ بھی کانپور میدان پر جیت کے ساتھ باوقار وداعی کا خواب دیکھ رہی ہے ۔گجرات نے اپنے گزشتہ میچ میں بہترین فارم میں کھیل رہی پنجاب کو چھ وکٹ سے شکست دی تھی اور اس کی توقعات کو زبردست دھکا پہنچایا تھا۔ اسے پھر اگلے میچ میں دہلی سے شکست ہوئی تھی لیکن اس میچ میں بھی گجرات نے کمال کا کھیل دکھایا تھا اور قریبی دو وکٹ سے وہ میچ ہاری تھی۔ اگرچہ حیدرآباد اس وقت جیت کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور گزشتہ میچ میں اس نے سرفہرست ممبئی انڈینس کو سات وکٹ سے شکست دے کر اپنا موقف مضبوط کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT