Friday , October 20 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد کی عالمی شہرت کو خطرہ‘ تاریخی عمارتیں نظرانداز

حیدرآباد کی عالمی شہرت کو خطرہ‘ تاریخی عمارتیں نظرانداز

گولکنڈہ ‘ چارمینار ‘ مکہ مسجد ‘ آثار قدیمہ کے 86یادگاروں کی فہرست میں شامل نہیں
حیدرآباد۔9مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کو حاصل عالمی شہرت خطرہ میں ہے؟ شہر حیدرآباد میں موجود تہذیبی و ثقافتی ورثہ عالمی سیاحوں کی دلچسپی کا باعث نہیں ہے؟ چارمینار ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ گنبدان قطب شاہی کے علاوہ شہر حیدرآباد میں کئی ایک ایسی تاریخی عمارتیں موجود ہیں جنہیں شہر حیدرآباد کی شان تصور کیا جاتا ہے۔ چارمینار ‘ تاریخی مکہ مسجد کے ساتھ سالار جنگ میوزیم کو کافی اہمیت حاصل ہے اور یہ سیاحوں کیلئے انتہائی دلچسپی کے مقامات ہیں لیکن آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے ہندستان کے 86مقامات کی فہرست تیار کی گئی ہے جو کے سیاحوں کو مشورے کے طور پر جاری کی جائے گی۔ محکمہ آثار قدیمہ کی اس فہرست میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست تلنگانہ کے کسی بھی تاریخی مقام کا نام شامل نہیں رکھا گیا ہے جبکہ ریاست آندھرا پردیش کے تہذیبی ورثہ ناگرجنا کنڈہ کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے تیار کردہ اس فہرست میں شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ کے کسی تہذیبی ورثہ کو شامل نہ کئے جانے پر ہیریٹیج عمارتوں کے تحفظ و سیاحت کے فروغ کیلئے خدمات انجام دینے والی تنظیموں میں شدید برہمی پائی جاتی ہے اور بعض گوشوں کی جانب سے ’’Must See‘‘ کی اس فہرست میں تلنگانہ کے کسی بھی تہذیبی ورثہ کو شامل نہ کئے جانے کو سازش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ چارمینار ‘ مکہ مسجد ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ گنبدان قطب شاہی اور سالار جنگ میوزیم جیسے انتہائی اہم مقامات کو اس فہرست میں شامل نہ کیا جاناریاست کے سیاحتی فروغ کو روکنے کے مترادف ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ با لخصوص شہر حیدرآباد کو عالمی شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کے علاوہ سیاحتی فروغ کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے لیکن اس مسئلہ پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فہرست کی تیاری دہلی میں موجود عہدیداروں نے کی ہے۔ حکومت تلنگانہ اگر فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو متوجہ کرواتی ہے تو ایسی صورت میں شہر کے کئی تہذیبی و سیاحتی مقامات کو اس فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے جس کے ذریعہ عالمی سیاحوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT