Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / حیدرآباد کے شاندار 580/9 ، سندیپ کی ڈبل سنچری

حیدرآباد کے شاندار 580/9 ، سندیپ کی ڈبل سنچری

رانجی میچ کے دوسرے روز سرویسز کے بولرز بے بس ۔ جوابی اننگز میں حریف ٹیم 77/0
ممبئی ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان لیفٹ ہینڈ بیٹسمن بی سندیپ نے شاندار ڈبل سنچری بناتے ہوئے حیدرآباد کو اپنے گروپ C رانجی ٹروفی میچ میں سرویسز کے خلاف میچ کے آج یہاں دوسرے روز 580/9d کا زبردست اسکور کھڑا کرنے میں مدد کی۔ (ایم سی اے ) کے باندرا کُرلا کامپلکس گراؤنڈ میں 303/7 پر احیاء کرتے ہوئے سندیپ اور ایک دیگر لیفٹ ہینڈ بیٹسمن سی وی ملند نے سرویسز کے بولروں کو سخت محنت پر مجبور کیا اور وہ لنچ تک تیزی سے 120 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے۔ ملند نے بھی برق رفتار 136 رنز اسکور کئے۔ سندیپ نے اپنی کل کی اننگز کو 83 سے تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔ 95 کے انفرادی اسکور پر وہ خوش قسمت رہے جب گیند وکٹ کیپر نکول ورما اور فرسٹ سلپ کے درمیان سے نکل گئی۔ تاہم آخرکار وہ 203 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری طرف ملند کو دو ’زندگیاں‘ ملیں جب انھیں 61 اور 62 کے انفرادی اسکور پر فرسٹ سلپ میں ڈراپ کیا گیا۔ یہ دونوں نے اپنی اننگز میں عمدگی سے تیزی پیدا کی۔ انھوں نے اچھے تال میل سے سنگل رنز لئے اور خراب گیندوں پر باؤنڈریاں بھی لگائے۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 267 رنز کی رفاقت نبھائی جبکہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار معلوم ہوئی۔ گزشتہ روز کے برخلاف جب سرویسز نے لنچ کے بعد تیزی سے وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں واپسی کرتے ہوئے حیدرآباد مڈل آرڈر کو پریشان کردیا تھا، آج اُن کے پیسرز کے ساتھ ساتھ اسپنرز بھی کچھ کامیابی حاصل نہیں کرپائے۔ محمد سراج کو آؤٹ کرکے روشن راج نے پانچویں کامیابی پائی اور حیدرآباد نے ڈیکلریشن کیا۔ جوابی اننگز میں سرویسز نے ممکنہ 20 اوورز میں 77/0 اسکور کئے۔ اُن کے اوپنر آنشول گپتا 9 پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ اسٹمپس پر نکول ورما (34) اور روی چوہان (23) کریز پر تھے اور ٹیم 503 رنز پیچھے ہے۔

TOPPOPULARRECENT