Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کے مابقی چھ حجاج کرام کی واپسی کا انتظام

حیدرآباد کے مابقی چھ حجاج کرام کی واپسی کا انتظام

اتوار اور پیر کو آمد، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان

حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 6 حجاج کرام جو مختلف وجوہات کے سبب مقررہ شیڈول سے واپس نہیں ہوئے ان کی اتوار اور پیر کو حیدرآباد واپسی ہوگی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ بھولکپور مشیرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو مدینہ منورہ میں لڑکا تولد ہوا تھا اور سعودی حکام نے فوری طور پر سفر کی اجازت نہیں دی۔ لہذا ایر انڈیا کی تمام شیڈول فلائیٹس کی واپسی11 اکٹوبر کو مکمل ہوگئی۔ اس جوڑے کے ساتھ مزید دو افراد بھی سعودی عرب میں رُک گئے جو اتوار کی صبح ریگولر فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ سعودی حکام نے نومولود ڈی محمد کے نام پر عارضی پاسپورٹ بھی جاری کیا ہے۔ اسی طرح مدینہ منورہ میں فنگر پرنٹ میں یکسانیت نہ ہونے سے جن حاجی صاحب کو ایر پورٹ پر روک دیا گیا تھا ان کی پیر کی صبح واپسی ہوگی۔ بھولکپور مشیرآباد سے تعلق رکھنے والے 63سالہ بشیر الدین کو 10اکٹوبر کی رات ایر پورٹ پر روک لیا گیا تھا ان کے ہمراہ فرزند فہیم الدین بھی مدینہ منورہ میں رُک  گئے جبکہ دو خواتین حیدرآباد واپس آگئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی نمائندگی پر انڈین حج مشن نے رہائی کے اقدامات کئے اور یہ دونوں حاجی مدینہ منورہ سے اتوار کی شب مہاراشٹرا کے حاجیوں کے قافلہ میں ممبئی پہنچیں گے اور صبح میں ممبئی سے ریگولر فلائیٹ کے ذریعہ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ممبئی تا حیدرآباد فضائی ٹکٹ کا انتظام کیا ہے جبکہ مدینہ منورہ سے ممبئی کا سفر سنٹرل حج کمیٹی کے ذمہ آتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد کی ایک خاتون مکہ مکرمہ کے کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور ان کے ساتھ شوہر محمد غوث بھی مکہ میں مقیم ہیں۔ انڈین حج مشن کی جانب سے انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور صحتیابی کے بعد وہ وطن واپس ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT