Sunday , April 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد ی نوجوان محمد سراج کی آئی پی ایل میں شمولیت ‘جشن کا ماحول ‘ آٹوڈرائیور والد بیحدخوش

حیدرآباد ی نوجوان محمد سراج کی آئی پی ایل میں شمولیت ‘جشن کا ماحول ‘ آٹوڈرائیور والد بیحدخوش

محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔20فروری۔ کرکٹ کی دنیا میں حیدرآباد نے ہمیشہ ہی اپنی منفرد شناخت رکھی ہے اور ہندستانی کرکٹ کو ایسے کھلاڑی دیئے ہیں جنہیں کرکٹ کی دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکتی جن میں سابق ہندستانی کپتان محمد اظہر الدین‘ منیجر ہندستانی کرکٹ ٹیم محمد ارشد ایوب‘ وی وی ایس لکشمن‘ وینکٹ پتی راجو‘ جئے سمہا‘ نوول ڈیویڈ‘ عباس علی بیگ‘ سید عابد علی‘ غلام احمد مرحوم‘ شیو لعل یادو اور کئی دیگر شامل ہیں جنہوں نے ہندستانی کرکٹ ٹیم میں سرزمین دکن کی نمائندگی کی ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ میںحیدرآبادی نوجوان کرکٹر محمد سراج کو منتخب کئے جانے کے بعد حیدرآباد کرکٹ کے نئے عروج کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔آئی پی ایل کیلئے کھلاڑیوں کے ہراج میں آج حیدرآبادی نوجوان کرکٹر محمد سراج ساکن فرسٹ لانسر کو سن رائزرحیدرآباد نے 2کروڑ 60لاکھ میں اپنی ٹیم کیلئے حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ محمد سراج کے والدجناب محمد غوث آج بھی آٹو چلاتے ہیں۔انہوں نے روزنامہ’’ سیاست‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی نے اتنی بڑی کامیابی عطا کی ہے اور دعاگو ہیں کہ دنیا کے ساتھ ساتھ دین میں بھی اسی طرح کی کامیابی عطا کرے۔ جناب محمد غوث نے شہریوں میں پیدا ہونے والی خوشی کی لہر پر تمام شہریان حیدرآباد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ ان کے فرزند کے مزید بہتر مظاہرہ کیلئے دعا کریں۔محمد سراج کے بھائی محمد اسمعیل جو رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کے فارغ ہیںاور محمد سراج صفاء جونیئر کالج اے سی گارڈز کے انٹر میڈیٹ کے طالبعلم رہ چکے ہیں ۔محمد سراج نے سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے اوران کی کامیابی کا راز ان کے ماں باپ کی دعائیں ہیں جو کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ جس کھیل میں دلچسپی رکھتے ہیں اس کھیل میں محنت کریں اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھتے جائیں ۔ (سلسلہ صفحہ 6پر )

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT