Wednesday , August 23 2017
Home / عرب دنیا / حیدرالعبادی عراق میں غیرملکی فوج کی تعیناتی کے مخالف

حیدرالعبادی عراق میں غیرملکی فوج کی تعیناتی کے مخالف

بغداد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ انھوں نے کسی بھی ملک سے برّی فوج بھیجنے کی درخواست نہیں کی ہے۔انھوں نے عراق میں غیرملکی فوج کی تعیناتی کو ایک جارحانہ اقدام قرار دیا ہے۔ حیدرالعبادی کے سرکاری فیس بْک صفحہ پر یہ بیان امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کرنل اسٹیو وارن کے ایک بیان کے بعد جاری کیا گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ عراق میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف فوجی مہم میں معاونت کے لیے امریکہ کی خصوصی آپریشنز فورسز کے قریباً ایک سو فوجی تعینات کیے جائیں گے۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا تھا کہ عراقی حکومت کو امریکہ کے خصوصی دستوں کی تعیناتی کے منصوبے سے مکمل طور پر آگاہ کردیا گیا ہے لیکن ایک روز بعد ہی وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو غیرملکی زمینی فوج کی ضرورت نہیں ہے۔ جان کیری نے گذشتہ روز بلغراد میں تنظیم برائے سلامتی اور تعاون یورپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خبردار کیا تھا کہ داعش کو صرف فضائی حملوں سے شکست نہیں دی جا سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ عرب اور شامی فوج کو داعش کے قلمع قمع کے لیے شام میں منظم کیا جانا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT