Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآبادمیں ملٹی لیول فلائی اوورس کی تعمیر

حیدرآبادمیں ملٹی لیول فلائی اوورس کی تعمیر

حیدرآباد۔ 26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام)حکومت تلنگانہ نے کل سڑکوں کو فروغ دینے کے خصوصی منصوبہ کے پہلے مرحلہ کے ایک حصہ کے طورپر شہر کی 20 مصروف ترین راہداریوںمیں ملٹی لیول فلائی اوورس اور جنکشنس تعمیر کرنے سے متعلق گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپویشن کی تجویز کو انتظامی منظوری دیدی ہے۔حکومت کی جانب سے 30مئی کو اصولی طورپر احکام کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی اور اس پراجکٹ کو منظوری دی گئی تھی۔ پہلے مرحلہ پر ایک اندازہ کے مطابق 4051کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ جس میں 20راہداریوںمیں ملٹی لیول فلائی اوورس کی تعمیر اور جنکشنس کو فروغ دینے کے لئے تعمیراتی کاموں اور اراضیات کے حصول کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی ‘جس نے  جی ایچ ایم سی کی تجاویز کا جائزہ لیا‘ تجاویز کو قبول کرتے ہوئے محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کی جانب سے کل احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ نے یہ بتایا ہے کہ یہ پراجکٹ 2.5 سال کے اندر مکمل کرلیا جاناچاہئے۔ احکام کے مطابق سڑکوں کو فروغ دینے کے جنگی خطوط کے منصوبہ کے تحت عنقریب ٹنڈرس کی طلبی عمل میں لائی جائے گی۔ حیدرآباد جیسے کثیر آبادی اور بھاری ٹریفک میں اس طرح کے ملٹی لیول فلائی اوورس کی تعمیر سے عوام کی آمد و رفت میں سہولت بخش ثابت ہوں گے۔ اس کے علاوہ مختلف چوراہوں پر جنکشنس کی تعمیر سے بھی ٹریفک کی بلا رکاوٹ آمد و رفت ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT