Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد اور اضلاع میں طوفانی ہواؤں کیساتھ بارش و ژالہ باری

حیدرآباد اور اضلاع میں طوفانی ہواؤں کیساتھ بارش و ژالہ باری

٭ پرانا شہر کے کئی علاقوں میں نالے بہتے دیکھے گئے
٭ شہریوں کو شدید گرمی سے راحت، درجہ حرارت میں کمی
٭ اضلاع میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ گرج چمک
٭ گرمی کی لہر جاری رہے گی، موسمیات کی وارننگ
شمس آباد اور گمبھی راؤ پیٹ میں بجلی گرنے سے خاتون کسان اور چرواہا ہلاک، فصلوں کو نقصان

حیدرآباد 26 اپریل (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں گزشتہ تین ہفتوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کے درمیان اضلاع رنگاریڈی، حیدرآباد، میدک، کریم نگر اور نلگنڈہ کے کچھ حصوں میں طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں عوام کو جھلسا دینے والی دھوپ اور لُو سے بڑی حد تک راحت ملی۔ انڈین میٹورولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے انچارج ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ اضلاع حیدرآباد و میدک کے چند علاقوں میں آج طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی۔ وائی کے ریڈی نے کہاکہ ’’ان علاقوں میں جہاں بارش ہوتی ہے درجہ حرارت میں پانچ ڈگری کمی ہوسکتی ہے‘‘۔ سیاست ڈاٹ کام کے بموجب آج دوپہر سے رات کے درمیان دونوں شہروں میں بشمول بہادر پورہ، کشن باغ، کالا پتھر، چارمینار، یاقوت پورہ، سنتوش نگر، سعیدآباد، اکبر باغ، ملک پیٹ، چنچل گوڑہ، دبیرپورہ، اعظم پورہ کے علاوہ چمپا پیٹ، ونستھلی پورم، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، اُپل، تارناکہ، مشیرآباد، ٹینک بینڈ اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ شہر کے مضافات، اضلاع رنگاریڈی و میدک کے کئی مقامات پر بھی بارش ہوئی ہے۔ جس کے نتیجہ میں موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی سے پریشان عوام نے راحت کی سانس لی۔ پرانا شہر کے کئی مقامات پر بچے اور نوجوان بارش کے دوران سڑکوں اور گھروں کی چھتوں پر جمع ہوگئے۔ ژالہ باری کے درمیان بچوں کو برف کے ٹکڑے جمع کرتے دیکھا گیا۔ دونوں شہروں میں گزشتہ روز بالخصوص رات کے اوقات زبردست رطوبت کے پیش نظر کسی بھی وقت بارش کے آثار محسوس کئے جارہے تھے اور آج دوپہر اور شام کے اوقات اچانک بارش پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اگرچہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا اور چند دیگر مقامات پر برساتی پانی کے نالے بہتے ہوئے دیکھے گئے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دن تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کی وارننگ دیتے ہوئے امکان ظاہر کیاکہ آئندہ تین دن کے دوران تلنگانہ کے چند علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ تلنگانہ کے دیگر اضلاع بالخصوص نلگنڈہ، عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر وغیرہ کے چند دیگر علاقوں میں آج بھی گرمی کی لہر جاری رہی۔ ضلع کریم نگر کے موضع گمبھی راؤ پیٹ میں ژالہ باری اور بارش کے درمیان بجلی گرنے کے نتیجہ میں ایک چرواہا اور ضلع رنگاریڈی کے علاقہ شمس آباد میں خاتون کسان فوت ہوگئے۔ 50 سالہ چرواہا اے نارائنا ،کولامدی میں شام 4 اور 5 بجے کے درمیان بکریاں چَرارہا تھا کہ بارش کے سبب درخت کے نیچے ٹھہر گیا اور بجلی گرنے کے سبب فوت ہوگیا۔ شمس آباد کے علاقہ کوا گوڑہ میں 28 سالہ بھارگوی اور 18 سالہ سندھیا کھیت سے گھر واپس ہورہے تھے کہ اچانک موسلا دھار بارش سے بچنے کے لئے انجیر کے درخت کے نیچے ٹھہر گئے اور بجلی گرنے کے سبب بھارگوی برسر موقع فوت ہوگئی۔ جبکہ سندھیا شدید زخمی ہوگیا جس کو مقامی دیہاتیوں نے دواخانہ منتقل کیا۔ اضلاع میں غیر موسمی بارش سے چند فصلوں کو نقصان بھی پہونچا ہے۔

TOPPOPULARRECENT