Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / حیدرآباد میٹرو ریل کا منفرد کیلنڈر

حیدرآباد میٹرو ریل کا منفرد کیلنڈر

نظام دور کا غیرمعمولی ریل پروجیکٹ اُجاگر ، نادر تصاویر شامل
حیدرآباد۔ 14 جنوری (آئی این این) شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی 425 ویں تاسیس کے موقع پر حیدرآباد میٹرو ریل (ایچ ایم آر) نے معلوماتی کیلنڈر 2016ء جاری کیا ہے جس میں یہاں کے دو قابل ذکر ریل پروجیکٹس کو اُجاگر کیا گیا جن میں سے ایک نے شہر کی ترقی میں اَنمٹ نقوش چھوڑے اور اب دوسرا پروجیکٹ جاری ہے۔ اس ٹیبل کیلنڈر میں نظام گیارنٹیڈ اسٹیٹ ریلوے (این جی ایس آر) کو نمایاں کیا گیا جو 1870ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اسی طرح حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کا جزوی مرحلہ جاریہ سال شروع ہوگا۔ حضور نظام نے اپنی ریاست میں 1373 کیلومیٹر طویل ناقابل یقین پروجیکٹ کو ذاتی صرفہ سے پایہ تکمیل کو پہونچایا اور اُس وقت 7 کروڑ روپئے کی لاگت آئی تھی جس نے برطانوی سامراج کو حیران و ششدر کردیا تھا۔ ایچ ایم آر بھی 72 کیلومیٹر طویل ریل پروجیکٹ پر عمل جاری رکھے ہوئے ہے جس پر 14,000 کروڑ روپئے کی لاگت آرہی ہے اور یہ دُنیا کا پہلا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹ ہے۔ ابتداء میں اسے بھی ناقابل عمل تصور کیا جارہا تھا لیکن اب ساری دنیا اس پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ اس کیلنڈر میں نظام دور کے ریل انجنس، تاریخی سکندرآباد، نامپلی اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشنس کی نادر تصاویر کے علاوہ الٹرا ماڈرن میٹرو ریل کوچیس اور اسٹیشنس کی تصاویر شامل کی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT