Tuesday , May 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں سعودی قونصل خانہ کے قیام کیلئے نمائندگی، کے ٹی آر کی مرکزی وزراء سے ملاقات

حیدرآباد میں سعودی قونصل خانہ کے قیام کیلئے نمائندگی، کے ٹی آر کی مرکزی وزراء سے ملاقات

حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج دہلی میں مرکزی مملکتی وزیر اُمور خارجہ وی کے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے کے لئے تحریری یادداشت پیش کی۔ اِس کے علاوہ اُنھوں نے دیگر مرکزی وزراء ارون جیٹلی اور نتن گڈکری سے بھی ملاقات کی اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے مختلف پراجکٹس اور تعمیری کاموں میں تعاون کی خواہش کی۔ کے ٹی آر کا آج دہلی میں مصروف ترین دن رہا۔ اُنھوں نے وی کے سنگھ سے ملاقات کے دوران حیدرآباد میں سعودی عرب کا قونصل خانہ قائم کرنے کے لئے نمائندگی کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد سے عوام کی ایک بڑی تعداد روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب کا رُخ کرتی ہے۔ یہاں سعودی قونصل خانہ نہ ہونے کی وجہ سے ویزا اور دیگر اُمور کی انجام دہی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے سے تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے عوام کو بھی سہولت ہوگی۔ وی کے سنگھ نے اِس تجویز پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔کے ٹی آر نے خلیجی بنگال میں تلنگانہ کے محنت کش طبقہ کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے انھیں حل کرنے پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت دفاع کی زائد ذمہ داری نبھارہے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے اُنھوں نے پیاٹنی ۔ کوم پلی ۔ جوبلی بس اسٹانڈ اور توم کنٹہ کی سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ اسکائی ویز کی تعمیر کے لئے اُنھوں نے محکمہ دفاع کو اراضی کی پیشکش کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے شاہراہوں کی ترقی و توسیع کیلئے نمائندگی کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT