Wednesday , July 26 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد میں پیار و محبت اور تعاون ناقابل فراموش، جدائی پر اظہار دُکھ

حیدرآباد میں پیار و محبت اور تعاون ناقابل فراموش، جدائی پر اظہار دُکھ

آندھراپردیش اسمبلی کا اجلاس امراوتی منتقل، اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر سیوا پرساد کی آخری پریس کانفرنس
حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے اجلاس آئندہ سے ریاست آندھراپردیش کی نئی راجدھانی امراوتی میں ہی منعقد کئے جائیں گے جبکہ اسمبلی کا بجٹ سیشن آئندہ ماہ 3 مارچ سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ آج یہاں شہر حیدرآباد میں واقع اے پی اسمبلی کے میٹنگ ہال نمبر (1) میں وداعی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ 35 سالہ سیاسی کیرئیر کے دوران یہاں انھیں ہر ایک سے جو خلوص پیار و محبت اور تعاون حاصل ہوا وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر سیوا پرساد راؤ نے کہاکہ انھیں آئندہ اسمبلی اجلاس امراوتی میں منعقد ہوں گے کہتے ہوئے کافی دُکھ ہورہا ہے کیوں کہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے باوجود اب تک یعنی گزشتہ تین سال کے دوران موجودہ اسمبلی عمارت میں انھیں مختص کردہ ایوان میں ہی تین بجٹ سیشن منعقد کئے گئے اور اس مرتبہ بجٹ سیشن امراوتی میں تعمیر کردہ نئی اسمبلی عمارت میں منعقد کرنے کے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ 25 یا 26 فروری تک آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی سے متعلق تمام دستاویزات، فائیلس، فرنیچر وغیرہ امراوتی کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے موجودہ اسٹاف کو بھی 25 یا 26 فروری تک امراوتی پہونچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اسمبلی سیشن کے انتظامات کو قطعیت دینے میں مدد حاصل ہوسکے۔ انھوں نے مزید کہاکہ امراوتی منتقل ہونے والے اسمبلی ملازمین کے لئے فی الوقت رہائش کی سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ اسپیکر اے پی اسمبلی نے بتایا کہ امراوتی میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے مجوزہ آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لئے مؤثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے بتایا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لئے تمام سکیوریٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ عہدیداروں کو نشستیں فراہم کرنے کو قطعیت دینے کے لئے 20 فروری کو ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں اسمبلی عمارت کے تعمیری کاموں کی تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر کوئی کام باقی رہ گئے ہوں تو ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ اسمبلی سے متعلق تمام فائیلس کی تقسیم اور اسٹاف کی تقسیم اب تک تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT