Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد و سکندرآباد میں آج جشن میلادالنبیؐ، جلوس، جلسے و محافل نعت

حیدرآباد و سکندرآباد میں آج جشن میلادالنبیؐ، جلوس، جلسے و محافل نعت

نظام کالج میں تعمیر ملت کا جلسہ، بلڈ ڈونیشن کیمپ، شہر برقی قمقموں سے پُرنور

حیدرآباد۔11ڈسمبر (سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جشن میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور شہر کے کئی علاقوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں جشن ولادت سرکار دوعالمﷺ کے موقع پر جلسہ رحمۃ اللعالمین کا اہتمام عمل میں لایا گیا اور کئی مقامات پر محافل نعت شریف و درود پاک کا اہتمام کیا گیا۔ دونوں شہروں میں منعقد ہوئے جلسہ ہائے سیرت النبی ﷺ میں سب سے بڑا جلسہ رحمۃ اللعالمین مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام دارلسلام میں منعقد کیا گیا۔ صدر مجلس اسد الدین اویسی کی زیر صدارت منعقدہ اس جلسہ عام سے مقامی علماء کے علاوہ بیرونی مہمان مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سیرت طیبہ کے پہلوؤں کو اجاگر کیا اور امت مسلمہ کو اتباع سنت ؐ کی تلقین کی۔ 11ربیع الاول کی شب سے ہی دونوں شہروں میں مختلف مقامات پر محبان رسول ؐ نے شیرینی و شربت کی تقسیم کے علاوہ تناول تبرک کا اہتمام کیا اور شہر کے مرکزی مقامات پر محافل نعت کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ چارمینار ‘ یاقوت پورہ ‘ بڑا بازار ‘ منڈی میر عالم‘ دبیر پورہ ‘ سنتوش نگر‘ شاہ علی بنڈہ‘ چنچل گوڑہ‘ بارکس‘ فلک نما‘ انجن باؤلی‘ فتح دروازہ ‘ محبوب چوک‘ پرانی حویلی‘ تیگل کنٹہ‘ نواب صاحب کنٹہ کے علاوہ شہر کے کئی علاقو ںمیں خصوصی سجاوٹ کی گئی ۔کل ہندمجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام 12ربیع الاول کو 67واں عظیم الشان ’یوم رحمۃ للعلمین کا صبح 9بجے نظام کالج میں انعقاد عمل میں آئے گا اور اس جلسہ سے مولانا سید محمود اسعد مدنی نقشبندی معتمد عمومی جمیعۃ علماء ہند ‘ مولانا محمد قمر احمد اشرفی‘ اچاریہ پرمود کرشنن جی خطاب کریں گے۔ اس جلسہ کی نگرانی کارگذار صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کریں گے۔12ربیع الاول کو جشن میلاد سرور کونین ؐ کے ضمن میں شہر کے مختلف علاقوں میں جلوس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ سنی دعوت اسلامی کی جانب سے روایتی میلاد جلوس صبح کی اولین ساعتوں میں تاریخی مکہ مسجد سے شروع ہوگا جو حج ہاؤز نامپلی پر اختتام کو پہنچے گا۔ سنی یونائیٹڈ فورم کی جانب سے نکالا جانے والا جلوس تاریخی چارمینار سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے گذرتا ہوا مغلپورہ پہنچ کر ختم ہوگا۔ قادریہ انٹر نیشنل آرگنائزیشن کی جانب سے نکالا جانے والا مرکزی میلاد جلوس مولانا سید احمدالحسینی سعید قادری کی نگرانی میں درگاہ حضرت سیدنا یحیی پاشاہ قادری ؒواقع ریاض مدینہ مصری گنج سے شروع ہوگا جو فتح دروازہ ‘ شاہ علی بنڈہ سے گذرتا ہوا چارمینار پہنچے گا ۔ اسی طرح اعلی حضرت امام احمد رضا خان فاضلؒ  بریلوی کے معتقدین و مریدین کا قافلہ مولانا سید مجیب علی رضوی کی نگرانی میں مولود و درود پڑھتا ہو ا درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردی ؒ پہاڑی شریف پہنچے گا اور اس قافلہ کا آغاز بعد نماز فجرشاہین نگر میں واقع مرکز اہلسنت امام احمد رضا خان سے ہوگا۔تاریخی چارمینار کے دامن میں کانگریس قائد جناب محمد غوث کی جانب سے مرکزی میلاد جلوس کے شرکاء کا خیر مقدم کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں خصوصی شہ نشین بنایا گیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT