Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حیدرآباد کو عنقریب دریائے کرشنا و گوداوری سے زائد پانی کی سربراہی

حیدرآباد کو عنقریب دریائے کرشنا و گوداوری سے زائد پانی کی سربراہی

کرشنا مرحلہ سوم کی اندرون 15 دن تکمیل متوقع، مرکزی وزیر دتاتریہ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو دریائے کرشنا سے پانی کی سربراہی کے تیسرے مرحلہ کی تکمیل تقریباً ہوچکی ہے اور آئندہ پندرہ دنوں بعد شہر حیدرآباد کے عوام کو پانی زائد مقدار میں حاصل ہوسکے گا۔ علاوہ ازیں ماہ ڈسمبر کے اختتام تک دریائے گوداوری سے بھی حیدرآباد کو پانی سربراہ کیا جاسکے گا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی، ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر راہول بوجا، ضلع کلکٹر رنگاریڈی مسٹر رگھونندن راؤ، ایچ ایم ڈی اے سکریٹری مسٹر بالاجی رنجیت پرساد و دیگر عہدیداروں کے ساتھ مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے ایک اہم جائزہ اجلاس طلب کیا اور اس اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر حیدرآباد میں روز بروز پانی کی شدید قلت میں اضافہ ہورہا ہے اور عثمان ساگر و حمایت ساگر جیسے ذخائرآب کی سطح میں روز بروز کمی ہوتی جارہی ہے۔ بالخصوص ایل بی نگر، ملکاجگری، کنٹونمنٹ، الوال، شیرلنگم پلی، کوکٹ پلی علاقوں میں پانی کی شدید قلت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس صورتحال سے مسٹر دتاتریہ نے اجلاس میں شریک تمام عہدیداروں کو واقف کروایا جس پر متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے مرکزی وزیر محنت و روزگار کو بتایا کہ پانی کی شدید قلت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی دریائے کرشنا سے شہر حیدرآباد کو سربراہی آب اسکیم کے تیسرے مرحلہ کی عاجلانہ تکمیل کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے پانی کی قلت کا تدارک کرنے کے لئے اقدامات اسی طرح جاریہ سال کے اختتام تک دریائے گوداوری سے بھی حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے کے لئے مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کام کی تکمیل کیلئے بڑے پیمانے پر تیزی کے ساتھ کام انجام دے رہے ہیں۔ مسٹر دتاتریہ نے عہدیداروں سے اس بات کی خواہش کی کہ وہ پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے عارضی اقدامات یا متبادل اقدامات کرنے کے بجائے مستقل اساس پر اقدامات کریں۔ انھوں نے اعلیٰ عہدیداران سے موسیٰ ندی کی صفائی پراجکٹ کے تعلق سے بھی دریافت کیا۔ مرکزی وزیر نے ایچ ایم ڈی اے حدود میں پائے جانے والے تالابوں (ذخائرآب) کی ترقی پر توجہ دیں اور ریڈئیل روڈز کی تعمیر کو بھی جلد سے جلد مکمل کرنے کی عہدیداران متعلقہ کو ضروری ہدایت دیں۔

TOPPOPULARRECENT