Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / خاتون بھکتوں تک پہونچنے سرنگ، غیر قانونی پٹاخوں کی فیکٹری

خاتون بھکتوں تک پہونچنے سرنگ، غیر قانونی پٹاخوں کی فیکٹری

گرمیت کے ہیڈکوارٹر کی تلاشی کے دوران انکشاف، کارتوس کا خالی باکس دستیاب

سرسہ (ہریانہ) 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گرمیت رام رحیم سنگھ کے کوارٹرس میں ایک سرنگ کا پتہ چلا جو اُس کے خاتون بھکتوں کے ہاسٹل تک پہونچتی ہے۔ سکیورٹی ایجنسیوں نے آج دوسرے دن بھی ہیڈکوارٹر کی بڑے پیمانے پر تلاشی جاری رکھی جس میں ایک غیر قانونی پٹاخوں کی فیکٹری کا بھی پتہ چلا ہے جہاں کثیر مقدار میں کمیکلس موجود تھے۔ ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کو گزشتہ ماہ عصمت ریزی کے دو مقدمات میں 20 سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسٹیٹ انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائرکٹر ستیش مہرا جنھیں میڈیا کے روبرو بات کرنے کی اجازت دی گئی ہے، بتایا کہ ڈیرا میں موجود گفا جہاں گرمیت قیام کرتا تھا، ایک راستے کا پتہ چلا جو سیدھے ’’سادھوی نواس‘‘ (جہاں اُس کی خاتون بھکتوں کو رکھا جاتا تھا) تک پہونچتا ہے۔ فائبر سے بنی ایک سرنگ کا بھی پتہ چلا۔ یہ سرنگ کیچڑ سے بھری ہوئی تھی۔ ڈیرا کو سادھوی نواس سے مربوط کیا گیا تھا۔ ڈیرا کے احاطے میں پٹاخوں کی فیکٹری کا بھی پتہ چلا اور یہ غیر قانونی تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس فیکٹری کو مہربند کردیا گیا ہے۔ پٹاخوں کے استعمال میں آنے والے کیمیائی مادے بھی دستیاب ہوئے۔ تلاشی کے دوران ایک خالی باکس دستیاب ہوا جس میں AK47 کے کارتوس رکھے جاتے ہیں۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر پولیس، پیرا ملٹری اور سیول عملے نے بڑے پیمانے پر گرمیت کے ہیڈکوارٹر کی تلاشی مہم شروع کی ہے۔ ایک لگژری کار جس کا رجسٹریشن نہیں کیا گیا اور ممنوعہ کرنسی کل برآمد کی گئی تھی۔ اس تلاشی مہم میں فارنسک ماہرین بھی شریک ہیں۔ عہدیداروں نے چند کمروں کو مہربند کردیا اور یہاں سے ہارڈ ڈسک ڈرائیوز کے علاوہ بعض ادویات برآمد کئے جن پر نام لکھا ہوا نہیں تھا۔ تلاشی مہم کی پوری طرح ویڈیو گرافی کی جارہی ہے اور ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اے کے ایس پوار اِس کی نگرانی کررہے ہیں جنھیں پنجاب اینڈ ہریانہ ہائیکورٹ کی جانب سے کورٹ کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ ڈیرا ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والی سڑکوں پر کرفیو عائد ہے۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے تاہم سرسہ سٹی میں عام حالات معمول کے مطابق ہیں۔

TOPPOPULARRECENT