Saturday , October 21 2017
Home / مذہبی صفحہ / خاتون جنت، سیدہ فاطمہ زہراء رضی اللہ عنہا

خاتون جنت، سیدہ فاطمہ زہراء رضی اللہ عنہا

سیدۂ کائنات ،سردارخواتین جنت، سیدہ فاطمہ زہراء رضی اللہ عنہاحضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے چھوٹی اور چہیتی صاحبزادی ہیں، جنتی خواتین کی سردار ، اوراصل اہل بیت کرام سے ہیں۔ ولادت بابرکت: آپؓ کی ولادتِ مبارکہ اعلانِ نبوت کے پہلے سال ہوئی، اور ایک روایت کے مطابق اعلان نبوت سے پانچ سال قبل آپؓ کی ولادت بابرکت ہوئی۔ القاب مبارکہ :  آپؓ کے القاب مبارکہ یہ ہیں : سیدۃ نساء اھل الجنۃ ، زھراء ، بتول،بضعۃ الرسول، سیدہ ، زاہدہ، طیبہ، طاہرہ وغیرہ۔ جنتی خواتین کی سردار :جامع ترمذی شریف میں حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ ایک فرشتہ آسمان سے نازل ہوا، وہ اس سے پہلے زمین پر کبھی نہیں آیاتھا اُس نے اللہ سے اجازت طلب کی کہ مجھے سلام پیش کرے اور یہ خوشخبری دے کہ فاطمہؓ اہل جنت کے تمام عورتوں کی سردار ہیں اورحسنؓ اور حسینؓ تمام جنتی جوانوں کے سردارہیں۔ اسی وجہ سے آپؓ کو سیدۃ نساء اہل الجنۃیعنی خواتین جنت کی سردارکہا جاتا ہے۔’’زہرا ء ‘‘ کے معنی روشن وبارونق کے ہیں ،چونکہ آپؓ صاحبزادوں اور صاحبزادیوں کی ولادت کے موقع پر فوراً پاک ہوجاتیں اور کوئی نماز آپؓ سے کبھی تر ک نہ ہوتی ، اسی وجہ سے آپؓ کو زہراء بارونق طیبہ ، طاہرہ کہا جاتا ہے۔ ’’بتول‘‘کے معنی یکسو ہوکر اللہ تعالی کی طرف بہت زیادہ متوجہ رہنے والی اور’’ زاہدہ‘‘ دنیاسے بے رغبت۔ آپؓ زہد تقوی کے اعلی مرتبہ پر ہیں اور مخلوق سے کٹ کر خالق کی طرف توجہ کرتی ہیں۔ اس وجہ سے آپؓ کو بتول اور زاہدہ کہا جاتاہے۔ ’’فاطمہ‘‘(رضی اللہ عنہا ) نام رکھنے کی وجہ:  سنن دیلمی اور کنز العمال شریف میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت مذکور ہے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا نام مبارک ’’فاطمہؓ‘‘ اس لئے رکھا گیا، کیونکہ اللہ تعالی نے آپؓ کو، آپؓ کے چاہنے والوں کے حق میں دوزخ سے چھٹکارا دلانے والی بنایا ہے۔ (کنز العمال) ۔ خاتون جنت، سیدہ فاطمہ زہراء رضی اللہ عنہاکا عقد نکاح : ہجرت کے دو سال بعد آپؓ کا عقد نکاح حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے ہوا۔ وصالِ مبارک: حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا وصالِ مبارک حضور اکرم   صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے وصالِ اقدس کے چھ ماہ بعد ۳ رمضان المبارک کو ہوا، اور آپؓ کا مزارمبارک جنت البقیع شریف میں ہے۔
مرسلہ : حبیب محمد بن حسن الحامد

TOPPOPULARRECENT