خاتون کی مشتبہ موت

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آصف نگر علاقہ میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا جہاں 23 سالہ عرشیہ بیگم نے کل رات پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ عرشیہ بیگم کی موت پر اس کے رشتہ داروں نے شبہات کا اظہار کیا ہے اور عرشیہ کی موت کو قتل قرار دیتے ہوئے شوہر شیخ رسول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق عرشیہ بیگم کی شادی شیخ رسول سے 5 سال قبل ہوئی تھی اور ان کی دو لڑکیاں ہیں جو سید علی گوڑہ علاقہ میں رہتے تھے ۔ عرشیہ کو شوہر سے شدید ہراسانی کا سامنا تھا ۔ عرشیہ کے رشتہ داروں نے شیخ رسول پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی پیدائش کے بعد شیخ رسول کے رویہ میں تبدیلی آگئی ۔ جو لڑکیوں کی پیدائش سے ناخوش تھا اور عرشیہ کو اس کا قصور وار مانتا تھا ۔ شیخ رسول لڑکوں کا خواہاںتھا ۔ متوفی کے رشتہ داروں نے بتایا کہ دونوں نے پسند سے شادی کی تھی اور شیخ رسول کی دوسری شادی تھی جس نے عرشیہ کو دھوکہ میں رکھ کر دوسری شادی کی تھی ۔ شیخ رسول اکثر نشہ کی گھر پہونچتا تھا اور عرشیہ کو مار پیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ شیخ رسول کمسن لڑکیوں کو سگریٹ کا چرکا دیا کرتا تھا اور لڑکیوں کو پسند نہیں کرتا تھا ۔ رشتہ داروں کا الزام ہے کہ شیخ رسول نے عرشیہ کا قتل کردیا اور خود کشی قرار دے رہا ہے ۔ انہوں نے پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ع