Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / خادم الحجاج فرائض کی ادائیگی میں ناکام ، بے شمار شکایتیں

خادم الحجاج فرائض کی ادائیگی میں ناکام ، بے شمار شکایتیں

تلنگانہ حج کمیٹی کا سخت نوٹ ، خدام مستقل طور پر بلاک لسٹ ، حج کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حجاج کرام کے ساتھ روانہ ہونے والے خادم الحجاج کی عدم کارکردگی اور لاپرواہی سے متعلق بے شمار شکایات کا تلنگانہ حج کمیٹی نے سختی سے نوٹ لیا ہے اور 6 ایسے خادم الحجاج کی نشاندہی کی گئی جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے۔ حج کمیٹی نے انہیں مستقل طور پر بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ آئندہ اس خدمت کیلئے منتخب نہ ہوسکیں۔ ان میں سے دو خادم الحجاج آج اپنے قافلوں کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوئے جن میں کوہیر ( ظہیرآباد ) کے سید حسام الدین قادری اور کریم نگر کے محمد عبدالفہیم شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ان دونوں کے بارے میں ان کے متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے جس میں خدمات کی انجام دہی میں ناکامی اور حج کمیٹی سے عدم تعاون کا حوالہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں خادم الحجاج حیدرآباد سے روانگی کے بعد سے حج کمیٹی سے بھی رابطہ میں نہیں رہے اور نہ ہی حجاج کرام سے ربط میں تھے۔ انہیں جو عمارتیں الاٹ کی گئی تھیں وہ کبھی نظر نہیں آئے۔ حجاج کرام نے ان کے بارے میں کئی شکایات کی ہیں۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق سنٹرل حج کمیٹی اور وزارت خارجہ کو بھی علحدہ رپورٹ روانہ کی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں خادم الحجاج کے انتخاب کے طریقہ کار میں تبدیلی کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے متعلقہ محکمہ جات سے خواہش کی جائے گی کہ وہ دوبارہ ان کی درخواستیں خادم الحجاج کے انتخاب کیلئے روانہ کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح یہ دونوں اپنی لاپرواہی اور عدم کارکردگی کے سبب ہمیشہ کیلئے اس ذمہ داری کی انجام دہی سے بلیک لسٹ ہوجائیں گے۔ ان میں ایک خادم الحجاج اس سے قبل بھی روانہ ہوئے تھے اور اس وقت بھی ان کے بارے میں کئی شکایات موصول ہوئی تھیں لیکن حج کمیٹی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ مزید 4 خادم الحجاج کی واپسی کے بعد ان کے بارے میں متعلقہ محکمہ جات کو ریلیونگ لیٹر کے ساتھ مکتوب روانہ کیا جائے گا اور انہیں بھی ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرین زمرہ کے خادم الحجاج پر فی کس 2لاکھ 20ہزار اور عزیزیہ زمرہ کے خادم الحجاج پر فی کس ایک لاکھ 80ہزار روپئے حج کمیٹی خرچ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلی فون اور دیگر ضروریات کیلئے 1500ریال بھی ادا کئے گئے لیکن 6 خادم الحجاج نے بد خدمتی کے ذریعہ اس رقم کو ضائع کردیا۔

TOPPOPULARRECENT