Friday , September 22 2017
Home / مذہبی صفحہ / خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی

خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی

عرب کی سیاست میں تین ایسی شخصیتیں گذری ہیں جو فہم و ادارک میں اپنا جواب نہیں رکھتی تھیں۔ یا یوں کہے کہ یہ تین شخصیتیں جہاں ہو عرب کی کل سیاست سمٹ کر وہاں آجاتی تھیں ۔ حضرت معاویہؓ بن ابی سفیان ، مغیرہ بن شعبہؓ اور عمرو بن عاص ؓ ۔ حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ بھی اس بات سے خوب واقف تھے اور جب رومیوں سے مقابلے کی بات سامنے آئی تو آپؓ کو بتلایا گیااجنادین کے قلعہ میں ایک سپہ سالار ارطبون رہتا ہے جو چالاک اور چالباز بھی ہے ۔ حضرت عمر فاروقؓ کے چہرے پر ہلکا سا تبسم آیا اور فرمایا ہم اس ارطبون رومی کے پاس عرب کے ارطبون یعنی عمرو بن عاصؓ کو بھیجتے ہیںاور دیکھیں گے کہ کون بازی لے جاتا ہے ۔ چنانچہ حضرت عمرو بن عاصؓ خود پراسرار طورپر ارطبون کے دربار میں پہنچ گئے ۔ ارطبون سے کافی دیر تک گفتگو ہوتی رہی اس وقت ارطیون رومی زبان میں اپنے ماتحت سے کہا جب یہ شخص واپس جانے لگے تو اسکو ختم کردینا ۔ حضرت عمرو بن عاصؓ نے حالات کو سمجھ کر ارطیون سے کہا ’’ہمارے خلیفہ نے میرے علاوہ اور نو آدمیوں کو آپ سے ملاقات کا حکم دیاہے ۔ آج کی ہماری گفتگو بہت اچھی رہی ہے اور اسی کے تحت معاہدہ طئے پاسکتا ہے ، میں کل اور نو آدمیوں کے ساتھ آؤں گا اور معاہدہ کی تحریر لکھ لیں گے ۔ یہ سن کر ارطبون نے اپنے ماتحت سے کہا انھیں جانے دو ، کل اچھا موقع ہاتھ آنے والا ہے ۔ عمرو بن عاصؓ جب بخیر و عافیت وہاں سے نکل گئے تو دوسرے دن ارطبون کو اس بات کا علم ہوا کہ وہی سپہ سالار تھے تو کہا سچ ہے ’’لوہا ہی لوہے کو کاٹتا ہے ‘‘ ۔ اور جب حضرت عمر فاروق ؓ کو اطلاع ملی تو آپ نے عرب کے ارطبون یعنی عمرو بن عاصؓ فاتح مصر و فلسطین کی بڑی تعریف کی ۔

TOPPOPULARRECENT