Saturday , August 19 2017
Home / عرب دنیا / خالدہ ضیا کے بیٹے کے خلاف گرفتاری کا دوسرا وارنٹ

خالدہ ضیا کے بیٹے کے خلاف گرفتاری کا دوسرا وارنٹ

ڈھاکہ ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور قائد اپوزیشن خالدہ ضیاء کے روپوش بیٹے طارق رحمان کے خلاف گرفتاری کا دوسرا وارنٹ جاری کیا گیا ۔ طارق رحمان نے بنگلہ دیش کے بانی بنگا بندھو مرحوم شیخ مجیب الرحمن کو ’پاکستان کا دوست ‘ کہا تھا ۔ گذشتہ سال 29 ستمبر کو لندن کے ایک پروگرام میں انہوں نے مرحوم مجیب الرحمن کے خلاف مندرجہ بالا ریمارکس کیے تھے ۔ 50 سالہ رحمان بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی ) کے نائب صدر ہیں ۔ بنگا بندھو فاونڈیشن صدر مسیح الملک جنہوں نے رحمان کے خلاف کیس دائر کیا ہے نے کہا کہ رحمان نے جو کچھ بھی کہا ہے وہ حقیقت سے بعید ہے اور قصداً کہا گیا ہے تاکہ مرحوم قائد کی شبیہہ بگاڑی جاسکے اور پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کو بدنام کیا جاسکے ۔ مسیح الملک نے اپنی شکایت میں یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ طارق رحمان نے اپنے والد ضیا الرحمن کو بنگلہ دیش کے پہلے صدر سے تعبیر کیا ہے ۔ طارق رحمان نے کہا تھا کہ مجیب الرحمن کو بابائے قوم نہیں کہا جاسکتا کیوں کہ وہ ایک پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعہ یہاں آئے تھے اور قانون کے مطابق اگر بنگلہ دیش بننے کے باوجود بھی کوئی پاکستانی پاسپورٹ قبول کرلے تو وہ اسی ملک ( پاکستان ) کا شہری کہلائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT