Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / خاندانی مسائل پر خودکشی فیس ری ایمبرسمنٹ سے منسوب

خاندانی مسائل پر خودکشی فیس ری ایمبرسمنٹ سے منسوب

کانگریس و تلگودیشم کی حکومت پر تنقید بے جا، ٹی آر ایس ایم ایل سی راجیشور ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔/12نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی نے تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم قائد حکومت کی اسکیمات پر تنقید کو اپنا معمول بناچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم پارٹی نے حکومت پر تنقید کو اپنا ایجنڈہ بنالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی میں ایک طالبہ نے خاندانی مسائل کے سبب خودکشی کی لیکن اپوزیشن جماعتیں اسے فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم ادائیگی سے جوڑنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے سبب اس طالبہ کو ملنے والی 3500 کی رقم ان کے تعلیمی ادارہ کو جاری کی جاچکی ہے اور اپوزیشن قائدین چاہیں تو وہ کالج سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں حقائق کو جانے بغیر حکومت پر الزام تراشی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبہ نے فیس ری ایمبرسمنٹ کیلئے خودکشی کی ہوتی تو نہ صرف وہ خودکشی نوٹ لکھتی بلکہ ان کے والدین اس کا تذکرہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم جلد جاری کرے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں اور توقع ہے کہ 600کروڑ روپئے جلد ہی جاری کردیئے جائیں گے۔ کسانوں کے مسائل پر اپوزیشن کی مہم کو سیاسی مقصد براری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے بقایا جات کی رقم بھی جاری کردی ہے اور حکومت نے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے تھے ان پر من و عن عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں  نے اپوزیشن جماعتوں پر نعشوں کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو گاندھی بھون میں بیٹھ کر جو بھی بات ذہن میں آتی ہے وہ اسے الزام تراشی کیلئے چن لیتے ہیں حالانکہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور اپوزیشن کی لاکھ مزاحمت کے باوجود حکومت نیا سکریٹریٹ تعمیر کرکے دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے مسائل پر کانگریس احتجاج کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے حالانکہ اس سے انہیں مزید نقصان ہوگا۔راجیشور ریڈی نے ریونت ریڈی کی جانب سے حکومت پر کی گئی تنقیدوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک مہینہ تک جیل میں رہنے کے باوجود بھی ریونت ریڈی کی عقل ٹھکانے نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے ساتھ  ناانصافی کی تھی اس وقت تلگودیشم کے تلنگانہ قائدین خاموش رہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT