Thursday , October 19 2017
Home / دنیا / ’ خاندان کے لوگوں نے قندیل بلوچ کے قتل کی منصوبہ بندی کی‘

’ خاندان کے لوگوں نے قندیل بلوچ کے قتل کی منصوبہ بندی کی‘

کراچی ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سوشل میڈیا سلیبرٹی قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ اب تک کی تفتیش میں یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ قندیل بلو چ کے قتل میں خاندان کے لوگوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کی ہے۔ تفتیش کرنے والی ٹیم نے اب اس مقدمے میں قندیل بلوچ کے ایک بھائی محمد عارف کو بھی شامل کیا ہے جو ان دنوں روز گار کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ قندیل بلوچ کے ایک اور رشتہ دار ظفر کا نام بھی اس مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔ملزم عارف کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے تاہم اس سے پہلے پاکستان میں ان کے خلاف تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی جس میں کچھ وقت لگے گا۔ اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے  کی شرط پر بتایا ’’عارف اور ظفر کو قندیل بلوچ کے مقدمے میں ملزم وسیم اور حق نواز کے زیر استعمال موبائل ڈیٹا کے ریکارڈ کی روشنی میں نامزد کیا گیا ہے‘‘۔اُنھوں نے کہا کہ موبائل فون ریکارڈ کے مطابق قندیل بلوچ کے قتل سے ایک ہفتہ پہلے اور اس واقعہ کے تین روز کے بعد بھی عارف نے حق نواز اور وسیم سے مسلسل رابطے کیے۔پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ عارف کا اپنے ایک اور رشتے دار ظفر سے بھی مسلسل رابطہ رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT