Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / خاندان کے معاشی استحکام میں خواتین بھی موثر رول ادا کریں

خاندان کے معاشی استحکام میں خواتین بھی موثر رول ادا کریں

سیاست و ایم ڈی ایف کے 14 ویں سمر کیمپ کی اختتامی تقریب سے جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( دکن نیوز ) : ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے خاندان کے معاشی استحکام کیلئے موثر رول ادا کریں ۔ صرف صدر خاندان پر ساری ذمہ داریوں کا بوجھ عائد کرنا مناسب نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں جن پیشہ وارانہ کورسیس کی مانگ اور اہمیت ہے ان میں مہارت پیدا کرنا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے فزیوتھراپی دیگر میڈیکل کورسیس اور اسپوکن انگلش میں زیادہ دلچسپی لینے کی ضرورت ظاہر کی ۔ جناب زاہد علی خاں آج شام ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام منعقدہ 14 ویں 45 روزہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملت کی فلاح و بہبود کے لیے سیاست نے کئی عملی اور ٹھوس اقدامات شروع کئے اور آج تک ان کوششوں میں مسلسل کامیابی حاصل ہورہی ہے ۔ شادی کو آسان بنانے کے سلسلہ میں سیاست و ایم ڈی ایف نے دوبہ دو ملاقات پروگرام کو نہایت کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ۔اب تک 74 پروگرامس شہر واضلاع میں ہوچکے ہیں ۔ ان پروگراموں کے ذریعہ شادیوں میں فضول خرچی کو ختم کرنے ایک کھانا اور ایک میٹھا کی تحریک چلائی گئی جسکے امید افزا نتائج برآمد ہوئے ۔ اسی طرح کپڑا بینک کے پراجیکٹ کو نمایاں کامیابی مل رہی ہے جسکے ذریعہ سینکڑوں غریبوں کو ملبوسات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انگریزی بات چیت پر عبور حاصل کرنے سیاست نے امریکی لب و لہجہ کیلئے امریکن لکچرر کی خدمات حاصل کی ہے جس سے اب تک 1000 طلباء و طالبات نے استفادہ کیا اور آئندہ کورس ماہ اگست میں شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی جانب سے حیدرآباد کے مضافات میں 15 ایکڑ اراضی پر ضعیف اور بے سہارا افراد کیلئے اولڈ ایج ہوم قائم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں گاؤ رکھشا کے بہانے کتنے مسلم نوجوانوں کو موت کی نیند سلادیا گیا اور اب پارٹی تلنگانہ میں قدم جمانے تیاریاں کر رہی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ان حالات میں وہ حکومت تلنگانہ کو مشورہ دیں گے کہ وہ بکرے کی گوشت کی قیمت ، گائے کے گوشت کے مساوی کردیں اور ریاست میں 200 تا 300 سنٹرس قائم کر کے بکرے کے گوشت پر سبسیڈی جاری کریں جس سے گاؤ کشی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائیگا اور بی جے پی کو اپنے ناپاک منصوبوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے ووکیشنل سنٹرس کے سربراہوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی کوششوں سے سینکڑوں خواتین خود مکتفی ہوری ہیں ۔ اس تربیتی پروگرام کے بعد ضرورت ہے کہ ایک مرکزی سنٹر قائم کیا جائے جہاں تیار کردہ ملبوسات اور اشیاء کی فروخت ہو اور عوام کو کم قیمتوں پر یہ اشیاء حاصل ہوسکے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف نے دونوں شہروں اور اضلاع میں 56 مراکز قائم کئے ہیں جن میں سے 43 مراکز کارکرد رہے ۔ ان سنٹرس کے سربراہوں اور نمائندوں کو ایوارڈس پیش کئے گئے اور کوچنگ سنٹرس کو اعتراف خدمات کے طور پر مومنٹوز دئیے گئے ۔ ماسٹر عفان غلام خاں کی قرات کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کی ۔ قبل ازیں جناب سید اصغر حسین ، جناب اے اے کے امین اور محترمہ سیدہ غزالہ انجم نے مخاطب کیا ۔ صدر ایم ڈی ایف نے یم ڈی ایف کے ارکان جناب ضیا الرشید اور محترمہ افسر سعیدہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی ۔ جناب سید افتخار مشرف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ بھی شریک تھے ۔ مختلف سنٹرس کی طالبات کی تیار کردہ ٹیلرنگ مہندی ڈیزائننگ اور بیوٹیشن کے نمونے مشاہدے کیلئے رکھے گئے ۔ جناب زاہد علی خاں نے نمائش کا معائنہ کرنے کے بعد اظہار خوشنودی کیا اور خواتین و طالبات کو ان کے عمدہ کام پر مبارکباد دی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT