Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / خانگی اداروں کو مسابقتی امتحانات کی ذمہ داری ، طلبہ کے ساتھ کھلواڑ

خانگی اداروں کو مسابقتی امتحانات کی ذمہ داری ، طلبہ کے ساتھ کھلواڑ

چیرمین ہائیر ایجوکیشن پاپی ریڈی کے اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ ، مہیش کنگولہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مسابقتی امتحانات کے انعقاد کی ذمہ داری نا اہل خانگی اداروں کو سونپتے ہوئے کمیشن کی خاطر غریب طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا صدر نشین ہائیر ایجوکیشن کونسل پاپی ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ پرچوں کے افشاء اور صدر نشین کونسل کے اثاثہ جات کی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان کانگریس مہیش کنگولہ نے کہا کہ صرف اور صرف صدر نشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام سے بغاوت کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر نے پاپی ریڈی کو انعام کے طور پر صدر نشین ہائیر ایجوکیشن کونسل کا اہم عہدہ دیا ہے ۔ جس پر فائز ہو کر طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے کی کوشش کرنے کے بجائے پاپی ریڈی اپنی زندگی کو خوشحال بنانے کے لیے طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ ایمسیٹ پرچوں کے افشا میں اہم رول ادا کرنے والے پاپی ریڈی تلنگانہ ای سیٹ کی بے قاعدگیوں میں بھی برابر کے شریک ہے ۔ مسابقتی امتحانات کا انعقاد کرنے کی ذمہ داری ایسے خانگی اداروں کو دی جارہی ہے جو پاپی ریڈی کو کمیشن دیتے ہیں ۔ غریب طلبہ کے ماں باپ اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اراضیات ، زیورات فروخت کرتے ہوئے انہیں خانگی تعلیمی اداروں میں مسابقتی امتحانات کی تربیت دلا رہے ہیں جب کہ پاپی ریڈی خانگی اداروں سے ساز باز کرتے ہوئے صرف اپنے خزانے کو بھر رہے ہیں ۔ صدر نشین ہائیر ایجوکیشن کونسل نامزد ہونے سے قبل پاپی ریڈی ایک کوارٹر میں رہا کرتے تھے اب کروڑہا روپئے کے محل نما ولا میں منتقل ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے فارم ہاوز کے قریب اضلاع میدک و نلگنڈہ کے درمیان اپنی شریک حیات کے نام پر 18 ایکڑ قیمتی اراضی خریدی ہے ۔ انہوں نے اراضی دستاویزات میڈیا کو دیکھائے اس کے علاوہ اضلاع ورنگل ، ہنمکنڈہ ، اور حیدرآباد میں بھی اراضیات خریدنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان تمام الزامات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ تحقیقات کے دوران پاپی ریڈی کے خلاف عائد کردہ تمام الزامات کے ثبوت پیش کرنے کا اعلان کیا ۔ کنگولہ مہیش نے پاپی ریڈی کو فوری صدر نشین ہائیر ایجوکیشن کونسل کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT