Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / خسرہ و روبیلا ٹیکہ اندازی پر شکوک غلط اور بے بنیاد

خسرہ و روبیلا ٹیکہ اندازی پر شکوک غلط اور بے بنیاد

غلط فہمیوں کو دور کرنے ائمہ کرام اور علما سے تعاون کی اپیل ۔ جوائنٹ کلکٹر ایم پرشانتی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد شریمتی ایم پرشانتی نے شہر حیدرآباد میں 9 ماہ تا 15 سال عمر کے بچوں کو صد فیصد خسرہ و روبیلا ٹیکہ اندازی کروانے کو یقینی بنانے میں دینی درسگاہوں کے منتظمین ، مساجد کے پیش اماموں سے اہم رول ادا کرنے کی اپیل کی ۔ آج مغل پورہ کے ایک خانگی ہاسپٹل میں محکمہ صحت و طبابت کے زیر اہتمام منظم کردہ ایم آر مہم کی قیادت کرتے ہوئے شریمتی پرشانتی نے کہا کہ جاریہ ماہ 17 اگست تا 25 ستمبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران حیدرآباد میں کم از کم دس لاکھ بچوں کو مذکورہ ٹیکہ اندازی کروانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور گذشتہ 8 یوم کے دوران شہر میں تین لاکھ بچوں کو ٹیکے دئیے جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی مدارس اور دینی درسگاہوں میں یہ شکوک و شبہات پائے جانے کی اطلاعات ہیں کہ ان ٹیکوں سے بچوں کی صحت خراب ہورہی ہے جو غلط و بے بنیاد ہے جس کی وجہ سے بچے ٹیکے لینے سے گریز کررہے ہیں ۔ ان شکوک و شبہات کو دور کرنے مساجد کے پیش اماموں ، مذہبی رہنماوں کے تعاون سے مسلم بچوں میں ٹیکہ اندازی کروانے یہ کیمپ منظم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ائمہ و مذہبی قائدین سے خواہش کی کہ وہ خسرہ و روبیلا ٹیکہ اندازی سے کوئی مضر اثرات نہ ہونے کا پیام عوام تک پہونچائیں تاکہ ہمت افزائی سے مسلم بچے ٹیکے لے سکیں ۔ اس موقعہ پر موجود ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر مجیب نے کہا کہ 9 ماہ تا 15 سال کے بچوں میں بیماریوں کو روکنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے لہذا ان بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسے مرض سے محفوظ رکھنے ٹیکہ اندازی مہم چلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے بچوں کو اس مہم کے دوران خسرہ و روبیلا کا ٹیکہ لگوانے کی تمام والدین سے خواہش کی ۔ اس موقع پر نہ صرف مختلف مذہبی رہنما ، بشمول مفتی رحیم الدین ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی ، مولانا جعفر پاشاہ و دیگر کے علاوہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ، ڈاکٹر پدمجا ، ڈسٹرکٹ ایمونائیزیشن آفیسر ڈاکٹر جیامالا ، ڈاکٹر نارائن ریڈی ، تحصیلدار محترمہ زبیدہ بیگم و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ قبل ازیں مذکورہ ٹیکہ اندازی کی اہمیت و افادیت پر مبنی اردو زبان میں طبع کردہ پوسٹر کی رسم اجراء بھی انجام دی گئی ۔۔

 

TOPPOPULARRECENT