Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / خشک سالی کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں تاخیر

خشک سالی کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں تاخیر

بنگلورو۔20اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ اضلاع کا معائنہ کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔کل اس معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ کو اس وقت مذاحمت جھیلنی پڑی جب معاوضہ ادا نہ کئے جانے کی شکایت کرتے ہوئے کسانوں نے سدارامیا مردہ باد کے نعرے لگائے۔ اس مرحلہ میں معاوضہ نہ ادا کرنے والے افسران کو طلب کرکے وزیر اعلیٰ نے ان کسانوں کے روبرو ہی ان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ بیجاپور کے انڈی تعلقہ میں اگرتا دیہات کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کی کہ خشک سالی کے سبب فصل کی تباہی کیلئے حکومت کی طرف سے دئے گئے معاوضہ کی رقم اب تک ان کے دیہات تک پہنچی ہی نہیں ہے۔ اس مرحلہ میں کسانوں کی برہمی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے افسران کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ اس سلسلے میں افسران کی طرف سے کی گئی وضاحت کو قبول کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے یہ سخت ہدایت دی کہ فوراً معاوضہ کی رقم ادا کی جائے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے بیجاپور کے سرکاری گیسٹ ہاؤز میں عوام کی شکایتیں سنیں بعد میں انڈی تعلقہ کے اگرتا دیہات میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد میں سدارامیا نے چند ن تانڈا کا معائنہ کیا اور وہاں پر پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے کئے گئے انتظامات دیکھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے بیشتر علاقے سنگین خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر آبپاشی یم بی پاٹل، وزیر تعمیرات عامہ ایس سی مہادیوپا، وزیر آئی ٹی بی ٹی یس آر پاٹل مقامی اراکین اسمبلی وغیرہ موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT