خطرناک عادی رہزن گرفتار : کمشنر پولیس

   


حیدرآباد : سعیدآباد پولیس نے ایک عادی اور خطرناک رہزن کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے مسروقہ طلائی زیورات اور موٹر سائیکل ضبط کرلی ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 سالہ سید اسلم ساکن اولڈ ملک پیٹ ‘ شہر حیدرآباد اور دیگر کمشنریٹ حدود میں 40 سے زائد رہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی مسلسل غیرقانونی سرگرمیوں کے نتیجہ میں اسے دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیجا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں اسلم نے شہر کے علاقہ کنچن باغ ‘ سعیدآباد اور میرپیٹ میں سنگین وارداتیں انجام دی ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ مذکورہ عادی رہزن مسروقہ موٹر سائیکلوں کا استعمال کرتے ہوئے خواتین کو نشانہ بنارہا تھا اور /2 مارچ کو اس نے سعیدآباد علاقہ میں خاتون کے گلے سے منگل سوتر اڑا لیا تھا اور پولیس سعیدآباد نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ اسلم ضلع سنگاریڈی کے علاقہ ظہیرآباد میں خطرناک روڈی شیٹر لیئق کے ساتھ مل کر چراغ پلی پولیس اسٹیشن حدود میں اراضی تنازعہ میں ملوث ہوتے ہوئے فائرنگ کی واردات انجام دی تھی ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے 6.5 مسروقہ طلائی زیورات اور ایکٹوا موٹر سائیکل کے علاوہ ایک خنجر بھی برآمد کیا ہے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد نے انسپکٹر سعیدآباد کے سرینواس اور ان کی ٹیم کی ستائش کی ہے ۔