Thursday , August 17 2017
Home / عرب دنیا / خطے میں ایرانی مداخلت سے متعلق خلیج تعاون کونسل کا اجلاس

خطے میں ایرانی مداخلت سے متعلق خلیج تعاون کونسل کا اجلاس

ریاض۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزرائے  خارجہ کا ایک اجلاس چہارشنبہ کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہورہا ہے جس میں خطے کے ممالک کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کو زیربحث لایا جائے گا۔ واضح رہے جمعرات کے روز قاہرہ میں بھی عرب وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ایران کے ساتھ بحران کا جائزہ لیا جائے گا۔خلیج تعاون کونسل کی جانب سے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد خلیجی ممالک خطے میں ایرانی مداخلت سے متعلق معاملے کو وسعت دے کر عرب اور بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔چہارشنبہ کو ہونے والے اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کر رہے ہیں۔ اجلاس میں دیگر موضوعات کے ضمن میں خطے میں ایران کے اپنے دست و بازوؤں کے ذریعہ غلبے کو روکے جانے کے لیے میکانزم وضع کرنا بھی شامل ہے۔ ایران خطے میں فرقہ وارانہ جنگ بھڑکانے کے لیے حزب اللہ، حوثی ملیشیاؤں اور پاپولر موبیلائزیشن فورس کو استعمال کر رہا ہے۔ مذکورہ اجلاس کے ایک روز بعد عرب وزراء خارجہ کی سطح پر ایران کے ساتھ بحران کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے چار رکنی متعلقہ عرب کمیٹی کا اہم اجلاس قاہرہ عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ میں منعقد ہو گا۔

TOPPOPULARRECENT