Friday , March 31 2017
Home / شہر کی خبریں / خلوت میدان پر غیرمجاز پارکنگ برخواست

خلوت میدان پر غیرمجاز پارکنگ برخواست

کھیل کود کی سرگرمیاں بحال کی جائے ‘ارباب مجاز کی ہدایت
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) خلوت میدان میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کی جارہی غیر مجاز پارکنگ کو برخواست کرنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بلدیہ کے شعبہ اسپورٹس کو ہدایت جاری کی ہے۔ پرانے شہر کے معروف کھیل کے میدان خلوت میں ٹریفک پولیس نے سیاحوں کی گاڑیو ں کی پارکنگ کے انتظامات کے بیانر نصب کرتے ہوئے گاڑیوں کو ٹھہرانے کا انتظام شروع کردیا تھا جس کے سبب خلوت میدان میں کھیل کود اور چہل قدمی کے لئے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ اس سلسلہ میں متعدد شکایات کے بعدآج عوامی شکایات کے دوران اس مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے خلوت میدان میں کی جانے والی غیر مجاز پارکنگ کو برخواست کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اس میدان کو کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے مختص رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلوت میدان میں محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے پارکنگ کے انتظامات کئے جانے کے سبب پیدا شدہ صورتحال سے پریشان نوجوانوں اور علاقہ کے بزرگوں نے متعدد مرتبہ منتخبہ عوامی نمائندوں سے شکایت کرتے ہوئے اسے برخواست کروانے کی خواہش بھی کی تھی اور چہل قدمی کے لئے پہنچنے والوں نے اس میدان سے پارکنگ کی عدم برخواستگی کی صورت میں احتجاج شروع کرنے کا بھی انتباہ دیا تھا۔ ڈپٹی مئیر مسٹر بابا فصیح الدین نے خلوت میدان کا دورہ کرتے ہوئے اس مسئلہ سے آگہی حاصل کی تھی اور اس بات کا تیقن دیا تھا کہ اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔روزنامہ سیاست میں خلوت میدان میں کی جانے والی اس پارکنگ اور محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کھیل کے میدان کو پارکنگ کی جگہ میں تبدیل کئے جانے کے متعلق خبر شائع کی گئی تھی۔شاہ علی بنڈہ کارپوریٹر مسٹر مصطفی علی مظفر نے بھی اس سلسلہ میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی تھی کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے قائم کردہ پارکنگ کوبرخواست کیا جائے۔ جی ایچ ایم سی میں منعقد ہوئے پرجا وانی پروگرام میں کئے گئے اس فیصلہ پر فوری عمل آوری کی صورت میں مقامی عوام کو راحت حاصل ہوگی کیونکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے سبب خلوت میدان کھیل کود کی سرگرمیوں کے قابل نہیں رہا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT