Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / خلیجی بحران کی یکسوئی کے امکانات پر شاہ سلمان اور ڈونالڈ ٹرمپ کا تبادلہ خیال

خلیجی بحران کی یکسوئی کے امکانات پر شاہ سلمان اور ڈونالڈ ٹرمپ کا تبادلہ خیال

ریکس ٹلرسن اور کویت کی مصالحتی کوششوں پر بات چیت، موصل سے داعش کے صفائے پر عراقی وزیر اعلی کو مبارکباد

واشنگٹن؍ ریاض۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قطر اور دوسرے عرب ممالک کے مابین جاری سفارتی تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا ہے جس میں اس مسئلے کے حل کے مختلف راستے بحث آئے ہیں۔ دونوں رہ نماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور اس میں امریکا اور سعودی عرب کے کردار پربھی بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو ٹیلی فون پر ہوئی۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے عراق کے شہر موصل کو داعش سے آزاد کرانے پر عراقی وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صدر ٹرمپ کے اقتدار سنھبالنے کے بعد کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جو صدر ٹرمپ کی دہشت گردی مخالف جنگ کے عزم کا ثبوت ہیں۔شاہ سلمان نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مالی وسائل کوختم کرنا ضروری ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شاہ سلمان اور سعودی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خدمات کی تعریف کی۔ دونوں کے درمیان قطر اور دوسری خلیجی ریاستوں کے درمیان پیدا ہونے والے سفارتی تنازعہ اور اس کے حل پر بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ٹیلی فونی رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دوسری جانب حال ہی میں امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن خلیجی عرب ممالک کا دورہ کرکے لوٹے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر خطے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان چاروں ممالک کا الزام ہے کہ قطر خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے جبکہ قطر ان الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے۔دونوں قائدین نے دہشت گردی کے خلاف جاری امریکہ کی قیادت میں عالمی مہم میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی غور کرتے ہوئے اس کے اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT